مجوزہ پنشن ترامیم فیصلہ واپس بصورت دیگر اسلام آباد مارچ کی دھمکی

منگل 30 اپریل 2024 21:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) ملک بھر میں گریڈ1 سی16کے 22لاکھ سرکاری ملازمین کی نمائندہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)نے مجوزہ پنشن ترامیم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر پنشن ترامیم کی گئی تو ملک بھر کے لاکھوں سرکاری ملازمین اور پنشنرزاسلام اباد کا رخ کریں گے ایپکا پنجاب کے سیکریٹری جنرل واجد عباسی نے کہا کہ ایپکا ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین سے ملک کا قرضہ اتارنے کے لئے قربانی مانگی جا رہی ہے جبکہ آئے روز پارلیمنٹ کے ملازمین، وزیروں،مشیروں کی تنخواہوں میں دو سے تین گنا اضافہ کیا جا رہا ہے ملک کے اندر دوہرا قانون نہیں چلے گا تمام ملازمین جو سرکار کے نوکر ہیں سب کو ایک ہی قانون کے تحت ڈیل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اگر یہ حکومت ملازمین کش ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی تو 8 مئی کو رحیم یار خان 10 مئی کو لیہ میں مرکزی قیادت فیصلہ کرنے جا رہی ہے اور ملازمین احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکلیں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری وزیراعظم پر وزیراعلیٰ پر اور تمام حکومتی سربراہوں پر ہے جو ملازمین کا استحصال کرنے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سال میں ایک دفعہ ہوتا ہے جبکہ مہنگائی روز بروز بڑھتی ہے پٹرول،بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے سرکاری ملازمین کو ان کی تنخواہ مہنگائی کے تناسب سے دی جانی چاہیے جو کہ کم از کم ایک سرکاری ملازم کی تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ،خیبر پختونخوا،بلوچستان،اور گلگت بلتستان کے مظلوم ملازمین کی آواز بنیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں