پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا چھ ریجنز میں آغاز

ٹورنامنٹ آزاد جموں و کشمیر اور لاڑکانہ ریجنز میں شروع ہوگا‘ فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور ریجنز میں آغاز 16 جون سے ہو گا

اتوار 15 جون 2025 11:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز چھ ریجنز ایبٹ آباد، بہاولپور، فاٹا، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں ہو گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ ملک بھر کے 16 ریجنز میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مجموعی طور پر 110 ٹیمیں تین روزہ میچز کھیلیں گی۔

یہ ٹورنامنٹ آزاد جموں و کشمیر اور لاڑکانہ ریجنز میں شروع ہوگا جبکہ فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور ریجنز میں میچز کا آغاز 16 جون سے ہو گا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ ریجن میں 19 جون جبکہ حیدرآباد اور راولپنڈی ریجنز میں 20 جون سے مقابلے شروع ہوں گے۔ ڈیرہ مراد جمالی 21 جون سے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا اور کراچی ریجن میں میچز 27 جون سے کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب اپریل اور مئی میں منعقدہ چیلنج لیگ (دو روزہ) اور پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ مستقبل کی قائد اعظم ٹرافی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کے چناؤ کا ذریعہ بنے گا۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر اعلیٰ سطح پر جگہ بنا سکیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں