گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ساہیوال کیمپس میں جشن آزادی کے سلسلہ میں شاندار تقریب کا اہتمام

منگل 14 اگست 2018 22:00

ساہیوال۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ساہیوال کیمپس میں پاکستان کے 71ویں جشن آزادی کے سلسلہ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے دو سیشن تھے ۔ پہلے سیشن میں فیکلٹی کے درمیان کرکٹ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے ۔ دوسرے سیشن میں قیام پاکستان اورتعمیر پاکستان کے سلسلہ میں تقاریر اور تقریب تقسیم انعامات ہوئی ۔

تقریب سے پراجیکٹ ڈائریکٹرز ساہیوال کیمپس فراز حنیف اور سہیل طارق نے خطاب کیا ۔ چوہدری سہیل طارق نے اپنے فصیح و بلیغ خطاب میں قیام پاکستان کے محرکات ‘ کاوشوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ہمارے اسلاف کو پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ثبت کرنے کیلئے کن جسمانی ‘ ذہنی ‘مالی اور جذباتی اذیتوں سے گزر کر آنا پڑا ۔

(جاری ہے)

ان کی قربانیوں نے ہمیں ایک محفوظ اورخود مختار ارض پاک سے نوازا ہجرت کی صعوبتیں کم نہیں ہوتیں ۔

آزادی کی اہمیت ان سے پوچھیں جو غلام ہیں ۔ بھارت کے 20کروڑ مسلمانوں سے آزادی کی قیمت پوچھیں ۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم قائداعظم کے سنہری اصولوں اتحاد ‘ایمان اور عمل پیہم ‘یقین محکم پر عمل کرتے ہوئے وطن عزیز کے ہر شعبہ کی تعمیر کریں اوراپنے فرائض منصبی کو پہچانیں ۔ اپنی اپنی سطح پر محنت اورایمانداری سے کام کریں ۔ انہوںنے قائداعظم ‘سرسید احمد خاں اور نوابزادہ لیاقت علی خان شہید کو رول ماڈل قراردیا ۔

تقریب کے آخر میں بہترین تدریسی اورتنظیمی خدمات سرانجام دینے پر شعبہ کیمیا اور شعبہ ریاضی کے سربراہان ‘ایڈمنسٹریشن کے سینئر عہدے داران میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر فراز حنیف نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری محنت اور لگن سے سرانجام دیں ۔ چوہدری سہیل طارق نے بہترین کارکردگی پر عمرہ کے 2ٹکٹ اور نقدانعامات کا بھی اعلان کیا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں