سانگھڑ میں مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی تشکیل دے دی گئی

منگل 30 جون 2020 23:38

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2020ء) سانگھڑ میں مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے تحت متعلقہ محکموں کو نکاسی آب، برساتی نالوں کی صفائی ستھرائی اور پمپنگ مشینوں کو چالو حالت میں رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ بارشوں کی صورتحال کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفیس میں ای ڈی سی ٹو مراد عباسی کی سربراہی میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

آج ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت مون سون کی امکانی بارشوں کے انتظامارت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام افسراں نے شرکت کی۔ ضلع انتظامیہ نے مون سون کی امکانی بارشوں کی پیش نظر تمام تر انتظامات قبل ازوقت مکمل کرلئے ہیں اس کے باوجود بھی تمام تعلقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نشیبی اور شہری علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے پمپنگ مشینیں چالوحالت میں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات دی کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ جبکہ امکانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں موبائل طبی ٹیمیں روانا کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے تعلقہ انتظامیہ کو ہدایات دی کہ وہ ضلع انتظامیہ سے قریبی رابطے میں رہیں اورصورتحال سے بروقت آگاہ کریں جبکہ فائر برگیڈ گاڑیوں کو بھی چالو حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ان دفتر میں ای ڈی سی ٹو مراد عباسی کی سربراہی میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ اسی طرح ہر تعلقہ میں بھی ای سیز کی سربراہی میں کنٹرول روم قائم کئی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ عوام الناس کو امکانی بارشوں کے نقصانات سے بچانے کے لئے سرگرم ہے اور تمام تر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں