پنجاب میں ن لیگ (ن)اور سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑنے والے سیاسی یتیموں کے ٹولے کا کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی منشور،بلاول بھٹوزرداری

فروری کو ہونے والے الیکشن میں اب مقابلہ صرف تیر اور شیر کے درمیان ہے، میدان میں صرف جیالے موجود ہیں، شیر بلی بن کر گھر چھپ کر بیٹھا ہے،سانگھڑ میں انتخابی جلسہ سے خطاب

بدھ 17 جنوری 2024 20:50

�ہداد پور / سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن)اور سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑنے والے سیاسی یتیموں کے ٹولے کا نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی منشور، یہ الیکشن میں کامیابی کے لیے کسی اور جانب دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ دور اب ماضی بن چکا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانگھڑ کی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں، تاکہ وہ بطور وزیراعظم سانگھڑ سمیت پورے پاکستان کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدام کر سکیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی قیادت میں مرکز میں قائم ہونے والی عوامی حکومت تنخواہوں میں دگنا اضافہ، غریب خاندانوں کو شمسی توانائی کے ذریعے حاصل کی جانے والی بجلی کے 300 یونٹ ماہانہ مفت فراہمی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ، غریب خواتین کے لیے بلاسود قرض کی فراہمی، بے گھر خاندانوں کے لیے 30 لاکھ گھروں کی تعمیر اور ان خاندانوں کی خواتین کو زمین کے مالکانہ حقوق، ہاریوں کے لیے بینظیر کسان کارڈ، مزدوروں کے لیے بینظیر مزدور کارڈ، نوجوانوں کے لیے بینظیر یوتھ کارڈ کا اجرا، ضلعی سطح پر یوتھ سینٹرز کا قیام اور بھوک مٹاو پروگرام شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں اب مقابلہ صرف تیر اور شیر کے درمیان ہے، لیکن میدان میں صرف جیالے موجود ہیں۔ شیر بلی بن کر گھر چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، گھر میں چھپ کر بول رہا ہے کہ اس کے لیے شکار کوئی اور کرے، میرے مخالف کے خلاف بندوبست کوئی اور کرے۔ یہ وہ شیر ہے جو عوام کا، غریبوں کا، کسانوں کا، اور مزدوروں کا خون چوستا ہے۔

یہ وہ شیر ہے، جس کا 8 فروری کو شکار آپ ّ(عوام)نے کرنا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کا نشان شیر ہے، تو یہاں سندھ میں ستارے والے اس کے سہولت کارہیں۔ آپ نے 8 فروری کو سانگھڑ میں کلین سوئپ کرنا ہے، اِن کا صفایا کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بھاری اکثریت چاہیے، بھاری اکثریت۔ میری طاقت آپ ہو، آپ مجھے جتنا زیادہ طاقت دو گے، میں آپ کے لیے اتنا زیاد کام کر سکوں گا۔

سندھ کے عوام کو اپیل کرتا ہوں کہ آپ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، پی پی پی آپ کی نمائندگی کرتی ہے۔ چاہتا ہوں کہ سندھ کے چپہ چپہ میں کام کروں۔ عوام نے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تو تاریخ میں پہلی بار کراچی اور حیدرآباد کے میئرز جیالے منتخب ہوئے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت ایک نظریاتی جماعت ہے، لیکن جو چوتھی بار وزیراعظم بن کر مسلط ہونا چاہتے ہیں، ان کا نہ نظریہ ہے اور نہ کوئی منشور ہے۔

یہاں سانگھڑ میں جو سیاسی یتیموں کا ٹولہ الیکشن لڑ رہا ہے، ان کا بھی نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے، جو عوام میں یقین رکھتی ہے، کیونکہ یہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سکھایا تھا کہ "طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔" انہوں نے کہا کہ میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اِس وقت بڑے مسائل میں گِھرا ہوا ہے، لیکن باقی جماعتوں کو اس کا احساس تک نہیں، جو اپنے ذاتی مفادات کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ ایک صاحب ہیں جو جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، اور دوسرا صاحب جیل سے نکلنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔ لیکن میں آپ کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں، تاکہ آپ کو مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نجات دلاسکوں۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 'عوامی معاشی میثاق' کو اپنے 10 وعدے قرار دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ بطور وزیراعظم وہ ان وعدوں کو پورا کرکے دکھائیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور جی ڈی اے والے کہتے ہیں کہ ملک میں پیسہ نہیں ہے، اس لیے اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کو ختم کیا جائے۔ میں 18 مہینے اسلام آباد میں رہ کر آیا ہوں، مجھے پتہ ہے کہ ملک میں پیسہ اور وسائل بھی موجود ہیں، لیکن آپ عوام پر پیسہ خرچ کرنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں اِس وقت 17 ایسی وزارتیں ہیں، جن کی وہاں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مذکورہ وزارتوں پر سالانہ خرچ ہونے والی رقم اور اشرافیہ کو سبسڈیز کی مد میں ملنے والے 1500 روپے سالانہ کی رقم کو عوام کی فلاح و بھبود پر لگائیں گے۔ آپ (عوام) مجھے وزیراعظم بنائیں، میں یہ سلسلہ بند کردوں گا۔ ہم جانتے ہیں اپنا حق کیسے چھین کر لیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضلع سانگھڑ میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر پی پی پی کو دو امیدوار میدان میں ہیں۔ ایک میری بہن شازیہ مری اور دوسرا میرا بھائی علاوالدین جونیجو الیکشن لڑ رہے ہیں، آپ کو انہیں بڑی لیڈ سے جتوانا ہے۔ یہ میرے نمائندے ہیں، یہ قومی اسمبلی میں آپ کی آواز بنیں گے۔ انہوں نے ضلع سانگھڑ میں سندھ اسمبلی کی نشستوں پر پی پی پی امیدواروں علی حسن ہنگورجو، جام شبیر علی، نوید ڈیرو، پارس ڈیرو، اور شاہد تھیم کو بھی بھرپور حمایت سے کامیاب کرانے کی اپیل کی۔

پی پی پی چیئرمین نے سانگھڑ میں تیر کے نشان پر عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے عوام کے سامنے حلف لیا کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں گے۔ انہوں نے سانگھڑ کی عوام سے بھی وعدہ لیتے ہوئے اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو گھڑوں سے نکلیں گے اور تیر پہ ٹھپہ لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کا کامیاب بنائیں گے۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں