پولیس ٹریننگ سکول سرگودہا میں 93ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

بدھ 27 مارچ 2024 15:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پولیس ٹریننگ سکول سرگودہا میں 93 ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی گئی، جس کے مہمان خصوصی آر پی او شارق کمال صدیقی تھے۔ پریڈ میں پولیس کے اعلی افسران، جوانوں کے عزیز و اقارب اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ اس بیج میں 908 جوانوں نے اپنی ابتدائی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی اور پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر آر پی او سرگودہا شارق کمال صدیقی نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عملی تربیت کے بعد آپ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جن کو اسی جوش و جذبے سے پورا کرنا آپ کی قابلیت کا امتحان ہوگا، امید ہے کہ آپ اپنی لگن اور دیانت سے محکمہ پولیس کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

پرنسپل ڈاکٹر انعم فریال نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سمسٹر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جوانوں کو جسمانی مہارتوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تفتیش کے دوران بطور فرسٹ ریسپانڈد ذمہ داریاں انجام دینے اور اخلاقی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

تقریب میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ سلامی کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا کمانڈو دستے کی آمد سے فضا نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر انعم فریال کی طرف سے مہمان خصوصی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں