شانگلہ،بشام کے مقام پر گاڑی پر مبینہ خودکش دھماکا، 5 چینی باشندے ہلاک

حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، ڈی آئی جی مالا کنڈ

منگل 26 مارچ 2024 16:22

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر مبینہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندہلاک اور ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ڈی آئی جی مالاکنڈ نے بتایا کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اٴْن کا ایک مقامی ڈرائیور بھی شامل ہے۔

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

محمد علی گنڈاپور نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اٴْن کا ایک پاکستانی ڈرائیور بھی جاںبحق ہوگیا ۔

ریسکیو 1122 بشام کے اسٹیشن ہیڈ شیراز خان نے بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد بس کھائی میں گر گئی اور اس میں آگ لگ گئی، تاہم ان کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے ۔اسٹیشن ہاؤس افسر بشام بخت ظاہر نے بتایا کہ یہ ایک خودکش دھماکا تھا اور وہ شواہد اکٹھے کرکے جائے وقوع پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی خیبرپختونخوا پولیس جائے و قوع پر پہنچ چکی ہے اور ریلیف آپریشن شروع کردیا۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں