شکار پور میں موبائل چوری کے الزام پر دو گروپس کے درمیان خوفناک تصادم

گولیاں چلا دی گئیں، خونریز تصادم کے نتیجے میں 5 افراد قتل اور 8 زخمی ہوگئے

اتوار 17 جنوری 2021 00:16

شکار پور میں موبائل چوری کے الزام پر دو گروپس کے درمیان خوفناک تصادم
شکارپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء) شکار پور میں موبائل چوری کے الزام پر دو گروپس کے درمیان خوفناک تصادم، گولیاں چلا دی گئیں، خونریز تصادم کے نتیجے میں 5 افراد قتل اور 8 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع شکارپور میں مدیجی کے علاقے میں موبائل فون کے مسئلے پر 2 گروپوں میں خونریز تصادم کے نتیجے میں 5 افراد قتل اور 8 زخمی ہوگئے۔

شکارپور میں موبائل فون چوری کے الزام میں ایک گروپ نے دوسرے کو مورد الزام ٹھہرایا جس پر بات بڑھتے بڑھتے دونوں گروہوں میں فائرنگ تک پہنچ گئی، واقعے میں 5 افراد جان سے چلے گئے اور 8 زخمی ہوئے۔عینی شاہدین اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دو روز قبل کچے کی سرکاری زمین پر ایک گروہ کے کچھ افراد لکڑی کاٹنے گئے تھے جہاں پر دوسرے گروہ کے اعتراض پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس موقع پر لکڑی کاٹنے آئے افراد سے موبائل فون اور کچھ پیسے چھین لئے گئے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق لکڑی کاٹنے جانے والے گروہ کے کچھ معزیزین جمعہ کو دوسرے گروہ سے شکایت کرنے پہنچے لیکن وہاں بات سلجھنے کے بجائے جھگڑا مزید بڑھ گیا اور معاملہ دونوں گروہوں میں فائرنگ کا باعث بنا جس سے کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔علاقہ مکینوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور ان کے مطابق اس سارے معاملے کے دوران پولیس نہیں پہنچی۔

بعد ازاں متاثرہ خاندانوں کے افراد نے لاڑکانہ جانیوالی شاہراہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک بلاک ہوگیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اس قتل و غارت گری کے واقعے کی منصفانہ تحقیقات کرائی جائیں۔پولیس احتجاج کے مقام پر پہنچی اور متاثرہ خاندانوں کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگئی۔

شکارپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں