ملکی ترقی، خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے مزدور انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں،حاجی جاوید میمن

بدھ 1 مئی 2024 22:34

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے مزدور انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، غربت، بیروزگاری نے مزدوروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکمران طبقہ اور بڑے سرمائے دار امیر سے امیر تر ہوتے جارہے ہیں اور مزدور طبقہ دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے بھی پریشان نظر آتا ہے۔

یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کا تقاضا ہے کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اور موثر پالیسیاں مرتب کر کے ان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبر ڈے کے موقع پر گولڈ سینٹر آفس میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں سکھر اسمال ٹریڈرز اور ایس ڈی اے رہنماں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماں کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے قانون سازی اور اعلانات تو کیے جاتے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد کہیں پر بھی نظر نہیں آتا۔

بڑے بڑے سرمائے دار مزدور طبقہ کے حقوق پائمال کر رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی بھی قانون یا ادارہ مدد کرنے کو تیار نہیں جس کے باعث ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے مزدوروں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لیبر ڈے کے موقع پر حکومتی سطح پر مذاکرے، سیمینارز اور دیگر پروگرامات تو منعقد کیے جاتے ہیں لیکن حقیقی معنوں میں مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

یکم مئی لیبر ڈے کا تقاضا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور نکے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اور موثر پالیسیاں مرتب کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ ملکی ترقی میں اہم کردارا دا کرنے والے مزدوروں کے مسائل حل ہوسکیں۔ اس موقع پر شگاگو کے مزدوروں کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں