حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہمارا مشن ہے ،چودھری محمد یاسین

موجودہ حکومت صنعتکاروں کے سامنے بے بس ہے، جس کی وجہ سے مزدور مشکلات کا شکار ہیں، نو منتخب مرکزی جزل سیکرٹری پی ڈبلیو ایف

اتوار 10 اکتوبر 2021 18:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2021ء) پاکستان ورکرز فیڈریشن (پی ڈبلیو ایف) کے نو منتخب مرکزی جزل سیکرٹری اور حالیہ سی ڈی اے اسلام آباد ریفرنڈم کے فاتح چودھری محمد یاسین نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہمارا مشن ہے اور ایسا لگتا ہے کہ موجودہ حکومت صنعتکاروں کے سامنے بے بس ہے، جس کی وجہ سے مزدور مشکلات کا شکار ہیں، ان کے خاندانوں کو مالی مشکلات کے سائے میں دھکیل رہے ہیں اور ان میں احساس محرومی کو جنم دے رہے ہیں صنعتکار طبقہ نے پے در پے حکومتوں پر غلبہ حاصل کیا ہے وہ مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں لیبر برادری طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہیں جس کے فوری حل کے لئے کوشاں ہیں۔

وہ دورہ صوابی کے موقع پر فیڈریشن کے ضلعی دفتر میں فیڈریشن کے رہنمائوں سے خطاب گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی کوارڈینیٹر شوکت علی انجم اور ضلعی صدر فضل حکیم کی قیادت میں پی ڈبلیو ایف کے صوبہ بھر کے نمائندوں نے چوہدری محمد یاسین کا صوابی انٹرچینج پر استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی پی ڈبلیو ایف کے کارکنوں، مزدوروں اور ان کے رہنماؤں نے ایک بڑے جلوس میں ضلعی ہیڈ کوارٹر صوابی لایا اور ان کے حق میں نعرے بازی کی - اس موقع پر اسلام آباد کے مزدور رہنما اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف وفاقی بجٹ 2021-22 میں حکومت کی طرف سے اعلان کردہ کم از کم اجرت 21500 روپے کی مثال لیں اور صوبائی حکومتوں نے ان کے متعلقہ بجٹ میں توثیق کی لیکن حکومت اجرت پالیسی کے نفاذ کے لیے عملی قدم اٹھانے میں ناکام رہی ہے اور ہر سال ایسا ہوا ہے کہ کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن پالیسی پر عمل درآمد کے لیے کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت باقی آئینی مدت میں مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے سی ڈی اے ریفرنڈم میں تعاون کرنے پر ضلع صوابی کے مزدور ساتھیوں خصوصا شوکت علی انجم کا شکریہ ادا کیا- اس موقع پر صدر فضل حکیم نے استقبالیہ کلمات ادا کئے جبکہ پی ڈبلیو ایف کے نیشنل کوآرڈینیٹر شوکت علی انجم نے صوابی گدون امازء انڈسٹریل سٹیٹ کے مزدوروں، غریب تمباکو کاشتکاروں اور مائنز ورکرز کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کے حل پر زور دیا انہوں نے اسلام آباد میں پی ڈبلیو ایف کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے لئے پلاٹ کی فراہمی اور لیبر ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔

تقریب کے آخر میں مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا اور چوہدری محمد یاسین کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں