سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملک کے لئے اہمیت کا حامل ہے، سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون

بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی معمولی بات نہیں، حکومت کی خارجہ پالیسی اس وقت درست سمت میں جا رہی ہے، میڈیا سے بات چیت

منگل 19 فروری 2019 22:00

ٹنڈومحمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملک کے لئے اہمیت کا حامل ہے، بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی معمولی بات نہیں، حکومت کی خارجہ پالیسی اس وقت درست سمت میں جا رہی ہے، یہ بات انہوں نے ٹنڈومحمدخان کے علاقے ٹنڈوسائینداد میں ضلع کونسل حیدرآباد کے سابق چیئرمین پیر خالد جان سرہندی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مرتب کردہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کی رپورٹ کو ہم نے نہ تو قبول کیا نہ ہی اس پر عمل درآمد کیا اس کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی ذمہ دار اس وقت کی حکومت ہے، جعلی اکائونٹس کیس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس اہم نوعیت کا ہے اور سندھ کی عوام کے لئے کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں، اس کی صاف اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئے اور اس اسکینڈل میں جو بھی لوگ ملوث ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے اور جو بیرون ممالک سے سو ارب ڈالر کی فنڈنگ ہوئی یا امداد ملی اس کی بھی آڈٹ ہونی چاہیے تاکہ اس کا پتہ لگ سکے کہ وہ کہاں استعمال ہوئی، انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اسے تمام کیسز کو میر ٹ کی بنیاد پر حل کرکے منطقی انجام تک پہنچانا چاہئے، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی، او ر دیگر ممالک بھی پاکستان میںسرمایہ کاری سے فائدہ حاصل کریں گے، جبکہ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اپوزیشن رہنمائوں کو ملاقات کا موقع نہ دینا زیادتی ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھارتی حکومت کا رویہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے اور بغیر کسی ثبوت کے ہر الزام کو پاکستان پر عائد کرنا بوکہلاہٹ کا نتیجہ ہے، کشمیر کا مسئلہ دراصل جاگرافیائی معاملہ نہیں بلکہ پانچ دریائوں کے قبضے کا معاملہ ہے، کشمیر کے مسئلے کو اقوامہ متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنا چاہئے اور انہیں ان کا حق دینا چاہئے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن پانی کی قلت کے باعث ملک کی زراعت پستی کی طرف جا رہی ہے، اور زراعت سے وابسطہ لوگ روبائے زوال ہیں، جبکہ پانی کی قلت کے باعث لوگ پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں، اور اندرون زمین پانی کڑواہٹ کا شکا ر ہو گیا ہے، اس موقع پر ضلع کونسل حیدرآباد کے سابق چیئرمین پیر خالد سعید جان سرہندی، اور یونین کونسل ٹنڈوسائینداد کے چیئرمین پیر احمد سعید جان سرہندی بھی موجود تھے۔

ٹنڈو محمد خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں