ٴقیام امن کیلئے تمام مسالک کے اکابرین و علماء کرام کا کردار قابل تحسین ہے،عثمان تنویر

تمام صحابہ کرام ؓاور امام کریمین ؓبین المسلمین و انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں،ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

منگل 8 ستمبر 2020 23:59

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ، امن و امان کے قیام اور مثالی بھائی چارے کے لیے تمام مسالک کے اکابرین و علماء کرام کا کردار قابل تحسین ہے، جس کے نتیجہ میں ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحابہ کرام اور امام کریمین بین المسلمین اور انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں، ان کی دی ہوئی تعلیم اور دین و اسلام کیلئے دی جانے والی قربانیاں ہم سب کیلئے باعث فخر ہیں اور ان کا ایک بہت بڑا مرتبہ اور عظیم رتبہ ہے۔

ان باتوں کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ اہل سنت سے تعلق رکھنے والے علماء کرام مفتی عبدالرحمان میمن، مولوی محمد یامین، مولوی احمد بارن، مولوی عبدالباسط، ملک عمران اعوان جبکہ اہل تشیعہ کے جاوید شاہ، عبدالحسین شاہ، سید نادر شاہ، سید علی حسین شاہ، سید غلام محمد شاہ و دیگر مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے مکتبہ فکر کے لوگوں کو پابند کریں کہ وہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا سمیت کسی بھی پلیٹ فارم سے نفرت انگیز اور مذہبی انتشار پھیلانی والی پوسٹ یا کمینٹس سے گریز کریں تاکہ امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شوشے چھوڑنے پر دھیان نہ دیں تاکہ فتنہ پیدا نہ ہو۔

انہوں نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے رہنماؤں کے ناموں کی فہرست جلد ارسال کریں تاکہ تحصیل سطح پر امن کمیٹیز تشکیل دی جا سکیں جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور دیگر اداروں کے افسران بھی شامل ہوں۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ ہمیشہ امن کا گہوارہ رہا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام ملکر ہم آہنگی اور افہام و تفہیم سے ضلع کو پرامن رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے لوگوں کو پابند کریں کہ وہ نفرت انگیزی سے گریز کریں تاکہ کسی کی بھی دل آزاری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و مان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، شرپسندی اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور شرکائ نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو یقین دلایا کہ وہ انتظامیہ سے مکمل تعاون کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے تاکہ ہمیشہ سے پرامن رہنے والے ضلع ٹھٹھہ میں ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی فضاء برقرار رہ سکے۔#

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں