وزیرآباد، پولیس مقابلہ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی

پیر 5 جنوری 2015 23:11

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء ) احمد نگر روڈ پر بائی پاس روڈ کے اوور ہیڈ برج کے قریب لنک روڈ پر پولیس مقابلہ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ڈاکو لنک روڈ پر ناکہ لگا کر گاڑیوں اور راہ گیروں کو لوٹنے میں مصروف تھے۔ راہگیروں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا جس نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے دونوں فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کا نشانہ بنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ہنڈا 125پر سوار دو ڈاکوؤں نے موضع ڈھونیکی کے قریب احمد نگر جی ٹی روڈ لنک روڈ پر ناکا لگا کر مسافروں اور راہ گیروں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنا شروع کر دیا۔ڈاکوؤں نے متعدد کاروں، مسافر ویگن ، موٹر سائکل سواروں اور راہگیروں کو لوٹا اور ان سے نقدی اور موبائل فون چھین لئے۔

(جاری ہے)

ایک خاتون کے کانوں سے سونے بالیاں نوچ لیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔

اس دوران تھانہ گلیانہ ضلع گجرات کا کانسٹیبل ثقلین شاہ ڈیوٹی سے فارغ ہو کر موٹر سائیکل پراپنے گھر واپس جا رہا تھا تو ڈاکوؤں نے اسے بھی روک لیا۔ کانسٹیبل نے بلا چو ں و چراں تین ہزار روپے اور اپنا موبائل فون ان کے حوالے کرکے ہاتھ کھڑے کر دیئے۔ کافی مسافروں کو لوٹنے کے بعد ڈاکو اپنے موٹر سائیکل پر واپس ہوئے تو ثقلین شاہ نے اپنا پستول نکال کر ٹرگر چڑھایا تو آواز سن کر ڈاکوؤں نے اپنی رائفل سے ان کی جانب برسٹ ماراجو خوش قسمتی سے کسی کو نہ لگا ۔

کانسٹیبل نے تمام افراد کو زمین پر لیٹنے کی ہدائت کی اور اپنے پستول سے فرار ہوئے ہوئے ڈاکوؤں پر 5فائر کئے۔ایک گولی موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ہوئے ڈاکو کی کمر میں لگی اور آر پار ہو کر آگے والے ڈاکو کی کمر میں پیوست ہو گئی اور وہ سڑک پر گر گئے۔اس دوران سٹی پولیس اور صدر پولیس کی نفری بھی وہاں پہنچ گئی۔ایک ڈاکوموقع پر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو چکا تھا۔

لوگوں کے مجمع نے مطالبہ کیا کہ زخمی ڈاکو کو ان کے حوالے کیا جائے لیکن پولیس سنے سمجھا بجھا کر زخمی ڈاکو کو ہسپتال پہنچایا۔پولیس نے ڈاکوؤں سے دو پستول، ایک رائفل، لوٹی ہوئی رقم اور طلائی زیورات برآمد کر لئے اور موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لیا۔بعدمیں زخمی ڈاکو کا نام عامر ولد رب نوازمعلوم ہوا ہے ۔ زخمی ڈاکو پولیس کے سوالوں کے جوابات دینے میں پس و پیش سے کام لے رہا ہے۔ بعد ازاں نعش اور زخمی ڈاکو کو گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

متعلقہ عنوان :

واہ کینٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں