حریت رہنماؤں کا شہید نوجوان سہیل احمد صوفی کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی، کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت

منگل 21 اپریل 2015 15:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، ظفراکبر بٹ،شبیر احمد ڈار، حکیم عبدالرشید، سید بشیر اندرابی، مختار احمد صوفی اور ظہور احمد شیخ نارہ بل میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوان سہیل احمد صوفی کے گھر گئے اور اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر حریت رہنماؤں نے شہید سہیل احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں کا قتل عام کرکے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ حریت رہنماؤں نے کہاکہ معصوم شہریوں کو قتل کرکے تحریک آزادی سے کشمیریوں کو دور نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے زمینی حقائق کو تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اثرورسوخ استعمال کرے۔

حریت رہنماؤں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے زمینی حقائق کو تسلیم کرے اور کشمیریوں کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت سے مکمل آزادی تک شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائیگا اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :