پاکستانی فارورڈز کو گول کرنا ہونگے ،پہلے میچ میں متعدد یقینی مواقع ضائع ہوئے ، شہناز شیخ

پیر 22 جون 2015 20:45

پاکستانی فارورڈز کو گول کرنا ہونگے ،پہلے میچ میں متعدد یقینی مواقع ضائع ہوئے ، شہناز شیخ

اینٹورپ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء)پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ کے اگلے میچوں میں پاکستانی فارورڈز کو گول کرنے ہوں گے کیونکہ پہلے میچ میں انھوں نے گول کرنے کے متعدد یقینی مواقع ضائع کیے۔پاکستانی ہاکی ٹیم نے بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کے پہلے میچ میں پولینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی ہے اور اب وہ اپنا دوسرا میچ بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان کے پول میں بھارت اور فرانس بھی شامل ہیں۔اس ہاکی لیگ کو اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ کا درجہ حاصل ہے۔شہناز شیخ اپنے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں جارحانہ ہاکی کھیلی جس کا نتیجہ چھ پنلٹی کارنروں کی صورت میں سامنے آیا، جن میں سے دو پر گول بھی ہوئے، لیکن پاکستانی فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع ضائع بھی کیے جس پر قابو پانا ہو گا۔

(جاری ہے)

شہناز شیخ نے کہا کہ آسٹریلیا عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جس نے پہلے میچ میں فرانس کو دس گول سے شکست دی ہے، لیکن پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی نمبر ایک ٹیم کا سخت مقابلہ کر سکے۔ پاکستانی ٹیم کو پہلا میچ جیت کر اعتماد ملا ہے اور انھیں یقین ہے کہ کھلاڑی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلیں گے۔انھوں نے کھلاڑیوں کو آسٹریلوی ٹیم کی کمزوریاں بھی ویڈیو کی مدد سے بتائی ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔

شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ اولمپکس میں 12 ٹیموں نے حصہ لینا ہے جن میں برازیل میزبان کی حیثیت سے کھیلے گا۔ پانچ کانٹی نینٹل چیمپئن ٹیمیں ہوں گی جبکہ چھ کوالیفائر ہوں گی۔ظاہر ہے اگر کوئی کانٹی نینٹل ٹیم کسی کوالیفائنگ راوٴنڈ سے کوالیفائی کرے گی تو اسے دو میں سے ایک جگہ چھوڑنی ہو گی اور وہ جگہ کسی دوسری ٹیم کو مل جائے گی۔شہنازشیخ نے کہا کہ بیلجیئم کے اس ٹورنامنٹ میں پانچویں نمبر تک آنے والی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوں گے۔

وقت اشاعت : 22/06/2015 - 20:45:38