پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے غلام محی الدین کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر کے عہدے سے برطرف کردیا

ہفتہ 8 اگست 2015 12:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات اور پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار عابد حسین عابداور پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے نائب صدر ،وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی آزادکشمیر (پنجاب)سابق وزیر دیوان غلام محی الدین کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کردیا ہے۔

دیوان غلام محی الدین پر کشمیرکالونی لاہور میں غیر قانونی الاٹمنٹ اور کرپشن کے الزامات تھے جس پر انکے حلقہ کے لوگوں نے شکایات درج کروائی تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید جو کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر بھی ہیں نے پارٹی عہدیداران سے مشاورت کے بعد لاہور میں کشمیر کالونی میں مہاجرین کو پلاٹس کی غیرمساویانہ اور اقرباپروری پر مبنی الاٹمنٹس کی وجہ سے سابق وزیر دیوان غلام محی الدین کو پارٹی عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کالونی میں کوٹہ کے مطابق مہاجرین ویلی ،جموں اور دیگر کو پلاٹس کی الاٹمنٹس ہونی تھی لیکن دیوان غلام محی الدین نے کرپشن اور قرباپروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صر ف ویلی کے مہاجرین کو پلاٹس الاٹ کیے جس پر جموں اور دیگر مہاجرین نے شدید احتجاج کیا اور وزیر اعظم آزادکشمیر کو 16درخواستیں دیں ۔

جس پر ایکشن لیتے ہوئے پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے دیوان غلام محی الدین کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا۔

اس موقع پر وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے کہا کہ پلاٹس کی غیر مساویانہ الاٹمنٹس مہاجرین جموں ودیگر کے ساتھ سراسر ناانصافی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس غیر مساویانہ اور کرپشن پر مبنی تقسیم کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو مکمل رپورٹ تیار کر کے میڈیا کے سامنے لائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی کسی ذاتی اختلاف کیوجہ سے نہیں بلکہ جموں کے مہاجرین کی طرف سے کی جانے والے شکایات کی وجہ سے کی گئی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر بحالیات نے کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے بھارتی ہائی کمشنر کو خط لکھ کر کراچی میں مداخلت کرنے اور پاک فوج کے خلاف بیان دینے پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔الطاف حسین کراچی ماضی میں کراچی کا امن تباہ کرنے میں مصروف عمل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اب بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے اور اسکے اپنے لوگوں نے اسے چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور افواج پاکستان کے خلاف کسی کو ہرزا سرائی کی اجازت نہیں د یں گے۔

متعلقہ عنوان :