جمیکا ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن ،میزبان ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 286 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی

پاکستان نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنالئے،یونس خان ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم بھی 72 رنز بنا کر نمایاں رہے

پیر 24 اپریل 2017 14:17

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2017ء) پاکستان نے جمیکا ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنالئے۔ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں جاری 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 286 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنالئے۔

پاکستان کی جانب سے اظہرعلی اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اوپننگ جوڑی خاطر خواہ کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہی، اظہرعلی 15 اور احمد شہزاد 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر یونس خان اور بابراعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 131 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 185 تک پہنچا تو یونس خان ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم بھی 72 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوگئے۔

(جاری ہے)

تیسرے روز کھیل کے اختتام تک کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق 5،5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبریل نے 2، الزاری جوزف اور جیسن ہولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یونس خان کی بیٹنگ کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں اپنے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے صرف 23 رنز درکار تھے اور مطلوبہ رنز بنا کر وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
وقت اشاعت : 24/04/2017 - 14:17:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :