پاکستان بگ تھری سے زیادہ متاثر ہوا،آفریدی کو ایک میچ دینے کے لیے تیار ہیں: شہریار خان

جمعہ 28 اپریل 2017 12:06

پاکستان بگ تھری سے زیادہ متاثر ہوا،آفریدی کو ایک میچ دینے کے لیے تیار ہیں: شہریار خان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28اپریل ۔2017ئ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بگ تھری کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو رہا تھا جس کے باعث واضح موقف اپنایا، بھارت اور سری لنکا نے آئی سی سی کے نئے آئین کی بھی مخالفت کی تاہم امید ہے کہ جنہوں نے ابھی نئے آئین کی حمایت کی وہ جون میں بھی حمایت ہی کریں گے او ریوں بگ تھری ڈوب جائےگا اور نیا آئین نافذ العمل ہو گا،آفریدی کو الوداعی میچ دینے کے لیے تیار ہیں ۔

آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد گزشتہ رات وطن واپس پہنچنے والے چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2014ءمیں جب چیئرمین بنا تو اس وقت انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت بہت زیادہ سرگرم تھے ، میں اسی وقت سے بگ تھری کے خاتمے کی کوشش کر رہا تھا اور بورڈ اس پر لگا ہوا تھا، آئی سی سی میں تبدیلی کے بعد ششانک منوہر چیئرمین بن گئے اور انہوں نے بگ تھری کو غلط قرار دیکر بدلنے کی بات کی ، جب کوئی چیئرمین ایسی پوزیشن لے تو باقی ممبران اس کے پیچھے پیچھے چل پڑتے ہیں، بگ تھری کے خاتمے میں ششانک منوہر کا بڑا ہاتھ ہے، انہیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ بھارت کے موقف کی حمایت نہیں کر رہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ اصول کی بات ہے اور میں اصولی بات ہی کروں گا۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جس بناءپر دستخط کئے تھے اس پر بھارت نے پیش رفت نہ کی اور سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا جس کے باعث6 میں سے 3 سیریز نہیں ہوئیں، سیریز نہ کھیلنے سے ہمیں بہت مالی نقصان ہوا کیونکہ ہم بھارت کے ساتھ جب بھی ہوم سیریز کھیلتے ہیں تو بہت زیادہ منافع ملتا ہے،اسی مالی نقصان کے باعث کرکٹ بورڈ بہت سارے کام بھی نہیں کر سکا ، اسلام آباد میں سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے جگہ مل گئی مگر سٹیڈیم تعمیر نہیں ہو سکا ، گوادر میں بھی سٹیڈیم بنانا چاہتے ہیں لیکن بنا نہیں پا رہے۔

شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کے نئے آئین میں3 ایسوسی ایٹ ممبرز کو بھی ووٹ مل جائیں گے اور یوں ووٹ 10 سے بڑھ کر 13 ہو گئے ہیں، بھارت اور سری لنکا نے نئے آئین کےخلاف ووٹ دیا، بھارت نے دبے دبے الفاظ میں دھمکی دی ہے کہ اگر آپ نے ہماری بات نہ مانی تو ہمیں حق حاصل ہے کہ ہم جو چاہیں وہ کریں۔شہریار خان نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ قوی امکان ہے کہ جون میں نیا آئین فائنل ہو جائےگا جس سے بگ تھری ڈوب جائیگا ،ورلڈ الیون ستمبرمیں پاکستان آرہی ہے اور ستمبر کے آخری ہفتے میں تین میچز کھیلے گی،ہمیں آئی سی سی کی جانب سے کراچی میں میچز کروانے کی کلیئرنس نہیں ملی ہے اور آرگنائزرز نے ٹیم کراچی بھیجنے سے انکار کیا ہے اس لیے میچز لاہور میں ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ سابق کپتان شاہد آفریدی کو ایک میچ دینے کےلئے تیار ہیں ، ہارون رشید کسی کے فیورٹ نہیں بلکہ ایک مروجہ طریقہ کار کے مطابق بورڈ میں آئے ہیں ۔

وقت اشاعت : 28/04/2017 - 12:06:52