ماریہ طور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے کمیشن کی رکن بن گئیں

ماریہ اولمپکس میں خواتین کی بہتری کیلئے پالیسی بنانے میں کمیٹی کی معاونت کریں گی

بدھ 3 مئی 2017 12:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2017ء)انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اسکواش کی پاکستانی ماریہ طور پکئی کو اپنے اسپورٹس کمیشن میں شامل کر لیا جہاں وہ اولمپکس میں خواتین کی بہتری کیلئے پالیسی بنانے میں کمیٹی کی معاونت کریں گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ماریہ طور پکئی اولمپکس سمیت دنیا بھر کے کھیلوں میں خواتین کو برابری کی بنیاد پر حقوق کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل رہی ہیں اور سمتبر 2013 میں آئی او سی کی جانب سے بڑھائے گئے خواتین کے کوٹے کے بعد وہ کمیشنز میں خواتین کی 38 فیصد نمائندگی کا حصہ بن گئی ہیں۔

ماریہ طور نے آئی او سی میں نمائندگی کو اپنے اور ملک کیلئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی میں میری شمولیت سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا اور یہ بہت بڑی اور خوشی کی بات ہے کہ مجھے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ویمنز اسپورٹس کمیشن میں پاکستان کی طرف سے منتخب کیا گیا جہاں میں پاکستان کے حق کیلئے آواز اٹھاؤں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں یا ملالہ اس دنیا سے الگ یا انوکھی نہی بلکہ یہ پاکستان میں ہر خاتون کی جدوجہد کی کہانی ہے ،ْمیں سمجھتی ہوں کہ اگر ہم تمام خواتین مل کر کام کریں تو ہم اس ملک کو اندھیر نگری سے نکال سکتے ہیں میں ملک کیلئے کام کرنے والی تمام خواتین کو سراہتی ہوں۔

اسکواش کی کھلاڑی نے کہا کہ اولمپک بہت بڑا پلیٹ فارم ہیں اور حکام پر زور دیا کہ وہ اس پر توجہ دیں تاکہ ہمارے ایتھلیٹ، تیراک، باکسر اور دیگر کھلاڑی اولمپک کے کھیلوں میں ہم ترقی کر سکیں۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن نے بھی اس اعزاز کے حصول پر مایہ طور کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کیلئے بڑا اعزاز قرار دیا۔
وقت اشاعت : 03/05/2017 - 12:03:42