اولمپیئن منورالزمان ویٹرنز ہاکی لیگ: پاک ویٹرنز کلب اور ٹیلی کام جمخانہ نے کامیابی حاصل کرلی

جمعہ 5 مئی 2017 18:04

اولمپیئن منورالزمان ویٹرنز ہاکی لیگ: پاک ویٹرنز کلب اور ٹیلی کام جمخانہ نے کامیابی حاصل کرلی
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) اولمپیئن منورالزمان ویٹرنز ہاکی لیگ میں پاک ویٹرنز کلب کا ایونٹ میں شاندار آغاز، مدمقابل پاک فلیگ ہاکی کلب کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی، سابق انٹرنیشنل تسنیم عثمانی کا عمدہ کھیل، دو خوبصورت گول اسکورکئے۔ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں ٹیلی کام جمخانہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو 1-0 سے مات دے دی۔

اولمپیئن افتخار سید ہاکی اکیڈمی کی آسٹروٹرف پر جاری ایونٹ میں گزشتہ شب کھیلے گئے دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا، سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل پاک ویٹرنز ہاکی کلب نے مدمقابل پاک فلیگ ہاکی کلب کی ٹیم کو یکطرفہ معرکے میں 5-2 سے شکست دے دی۔ دس، دس منٹ کے تین کوارٹرز پر مشتمل مختصر دورانیہ کے میچ کے پہلے کوارٹر میں فاتح ٹیم کو 2-1 کی برتر ی حاصل تھی ان کی جانب سے رائٹ آئوٹ خالد پراچہ نے میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول بناکر ٹیم کو برتری دلادی جسے حریف ٹیم کے طارق مقصود نے 6 ویں منٹ میں گول اسکورکرکے برابر کر دیا تاہم پہلے کوارٹر کے 10 ویں اور آخری منٹ میں سابق انٹرنیشنل آصف احمد خان نے گول اسکورکرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلادی۔

(جاری ہے)

دوسرے کوارٹر میں فاتح ٹیم نے مزید دو گول اسکور کئے ان کی جانب سے سابق انٹرنیشنل صفدر عباس اور تسنیم عثمانی نے بالترتیب میچ کے 15 ویں اور 20 ویں منٹ میں گول بناکر ٹیم کی سبقت 4-1 کردی۔ تیسرے کوارٹرمیں دونوں ٹیموں نے ایک ، ایک گول اسکور کیا۔ فاتح ٹیم کے سنٹر فارورڈ تسنیم عثمانی نے میچ کے 25 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کے ریبائونڈ پرگیند کو جال کی نذرکرکے اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا تاہم میچ کے اختتامی لمحات 30 ویں منٹ میں پاگ فلیگ کے طارق مقصود نے پینالٹی کارنر پر دوسرا گول اسکورکیا۔

میچ کا نتیجہ 5-2 سے پاک ویٹرنز کلب کے حق میں رہا۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں ٹیلی کام جمخانہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ٹیم کو 1-0 سے مات دے دی۔ میچ کا واحد گول فاتح ٹیم کے محمد عمران نے میچ کے 16 ویں منٹ میں اسکور کیا جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ٹیم کوئی گول اسکو رنہیں کرسکی۔ ان میچوں میں امپائرنگ کے فرائض فرید منصور، فیصل رضا، راجہ انور، قربان اور فہد نے انجام دیئے۔
وقت اشاعت : 05/05/2017 - 18:04:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :