ْفرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، جوکووچ، نڈال، میلوس رائونک مینز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

منگل 30 مئی 2017 10:50

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2017ء) سربیا کے نوویک جوکووچ، ہسپانوی رافیل نڈال، اور کینیڈا کے میلوس رائونک، بلغاریہ کے ڈیوڈ گوفن اور کروشیا کے مارین کلک فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔ فرانس میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے رائونڈ میچ میں نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپین کے مارشل گرانولرز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3، 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، رافیل نڈال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کے بینوئٹ پائیر کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-4 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ایک اور میچ میں کینیڈا کے میلوس رائونک نے بیلجیئم کے سٹیو ڈارکس کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3، 6-4 اور 6-2 سے مات دیکر میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

کروشیا کے مارین کلک نے لٹویا کے ایرنٹس گلبز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3، 6-3 اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ پہلے رائونڈ میں کھیلے گئے دیگر میچوں میں رچرڈ گیسکٹ، وکٹر ٹروئیکی، جانسن، کیوواز، اینڈرس سیپی، سٹاخوسکے، کورک، فابیو فوجنینی، باٹیسٹا اگٹ، ڈیوڈ فیرر اور فیلسیانو لوپیز جیت کر میگا ایونٹ کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے۔
وقت اشاعت : 30/05/2017 - 10:50:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :