گرفتاری کی وجہ شراب نہیں تھی ،ْ امریکی کھلاڑی

منگل 30 مئی 2017 13:00

گرفتاری کی وجہ شراب نہیں تھی ،ْ امریکی کھلاڑی
فلو ریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2017ء)گالف کے کھلاڑی ٹائیگر وڈز نے کہا ہے کہ فلوریڈا میں ڈرائیونگ کے دوران ان کی گرفتاری کی وجہ شراب نہیں تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹائیگر وڈز پر نشہ آور اشیا کے استعمال کے بعد ڈرائیونگ کرنے کا الزام لگا تاہم انہونے بتایا کہ یہ ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا کا غیر معمولی ری ایکشن تھا۔انھوں نے کہا کہ میں نے جو کیا میں اس کی شدت کو سمجھتا ہوں اور اپنے فعل کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔

جوپیٹر کے دیہی علاقے میں پولیس نے جب وڈز کو حراست میں لیا تو ان کی تصویر بھی کھینچی جس میں وہ بے ترتیب دکھائی دئیے۔اپنے بیان میں وڈز کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو معلوم ہو کہ میں نے شراب نوشی نہیں کی تھی ،ْجو ہوا وہ تجویز کردہ دوا کا غیر معمولی ری ایکشن تھا۔

(جاری ہے)

مجھے معلوم نہیں تھا کہ دواؤں کا مجھ پر اتنا زیادہ اثر ہو گا۔ انھوں نے اپنے اہل خانہ ،ْدوستوں اور مداحوں سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ خود سے بھی بہت توقعات رکھتے ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق 41 سالہ وڈز کو گرینج کے مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے جیوپٹر سے گرفتار کیا گیاانھیں گرفتاری کے ساڑھے ساڑھے سات گھنٹوں بعد پالم بیچ کاؤنٹی کی جیل سے رہا کیا گیا۔ریکارڈ کے مطابق انھیں اس تحریری یقین دہانی کے بعد رہائی ملی جس میں انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مستقبل کی قانونی کارروائی میں بھی مکمل تعاون کریں گے۔

یاد رہے کہ وڈز کی کمر کی سرجری ہوئی تھی اور گرفتاری سے قبل آنے والے بیانات میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ بہت تکلیف سے گزرے ہیں اورحالیہ برسوں میں ان کی صحت اچھی نہیں رہی۔14 بار گالف کے چمپئن رہنے والے وڈز پر 2009 میں بھی ڈرائیونگ کے دوران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر سزا ملی تھی۔بعد میں انھوں نے غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر عوام سے معافی مانگی تھی۔ ان سکینڈلز کی وجہ سے انھیں بہت سے سپانسرز سے بھی ہاتھ دھونے پڑے تھے اور انھوں مقابلوں میں حصہ لینے کے بجائے کریئر میں بریک بھی لیا۔
وقت اشاعت : 30/05/2017 - 13:00:08