آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف کامیابی میں ٹیم کی محنت اور رمضان المبارک میں کی جانے والی دعائوں کا نتیجہ ہے ، ٹارگٹ 2019کا ورلڈ کپ ہے ،کوشش ہوگی ورلڈ کپ سے ایک یا ڈیڑھ سال قبل اپنے کمبی نیشن کو فائنل کرلیں اور پھر اس میں تبدیلی نہ ہو،انضما م الحق

پیر 19 جون 2017 18:23

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی  میں بھارت کے خلاف کامیابی میں ٹیم کی محنت اور رمضان المبارک میں کی جانے والی دعائوں کا نتیجہ ہے ، ٹارگٹ 2019کا ورلڈ کپ ہے ،کوشش ہوگی ورلڈ کپ سے ایک یا ڈیڑھ سال قبل اپنے کمبی نیشن کو فائنل کرلیں اور پھر اس میں تبدیلی نہ ہو،انضما م الحق
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی کامیابی میں ٹیم کی محنت اور رمضان المبارک میں کی جانے والی دعائوں کا نتیجہ ہے ،اللہ کا شکر ہے کہ اس نے پورے پاکستان کی عزت رکھی ۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی سے قومی کرکٹ میں بہت بہتری آئے گی ۔

انگلینڈ میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہت اچھی پرفارمنس دی ۔میرا تجربہ یہ کہتا ہے کہ جو کھلاڑی اپنے کیریئر کے شروع میں اتنی اچھی پرفارمنس دیتے ہیں ان کا کیئرئر لمبا ہوتا ہے ۔امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لئے کئی کامیابیاں حاصل کریں گے ۔

(جاری ہے)

بڑے ٹورنامنٹ اور خاص طور پر انگلینڈ کی سر زمین پر کسی کھلاڑی کا ڈبیوٹ کروانا بہت مشکل فیصلہ ہوتا ہے لیکن کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اترے ۔

انہوں نے کہاکہ احمد شہزاد اور فخر زمان کو ویسٹ انڈیز بھی تجربہ دلوانے کے لئے لے گئے تھے ۔جن کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس نہیں دی ان کو زیادہ محنت کرنی چاہئے ۔حسن علی اور فخر زمان نے بہت اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ۔ٹورنامنٹ میں ٹیم کے مثبت اور منفی پہلو بھی ہوتے ہیں لیکن جیت پر منفی پہلوئو ں پر پردہ پڑ جاتا ہے لیکن ہم اپنی خامیوں کو دو ر کریں گے تاکہ ٹیم کا معیار مذید بلند ہو۔

ہم نے 8سے زائد نئے کھلاڑیوں کو تینوں فارمیٹ میں موقع دیا۔انضمام الحق نے کہاکہ ہمارا ٹارگٹ 2019کا ورلڈ کپ ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ سے ایک یا ڈیڑھ سال قبل اپنے کمبی نیشن کو فائنل کرلیں اور پھر اس میں تبدیلی نہ ہو ۔ضرورت پڑنے پر ایک آدھ تبدیلی ہوسکتی ہے لیکن زیادہ تبدیلی نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کامیابی کے بارے میں گورے پوچھتے ہیں کہ رمضان کون ہے لیکن ہمیں تو پتہ ہے کہ رمضان المبارک کی اہمیت کیا ہے ۔رمضان المبارک میں کروڑوں مسلمانوں کی دعائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ تھیں ۔
وقت اشاعت : 19/06/2017 - 18:23:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :