زمبابوے نے چوتھے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 4 وکٹوں سے شکست دیدی ،ْ سیریز 2-2 سے برابر

ہفتہ 8 جولائی 2017 23:12

زمبابوے نے چوتھے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 4 وکٹوں سے شکست دیدی ،ْ سیریز 2-2 سے برابر
ہمبنبوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2017ء) زمبابوے نے ایک روزہ سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیابی تو ملی جو میچ میں فتح کیلئے ناکافی تھا۔

سری لنکا کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ میں 209 رنز بنائے جس میں گناتھیلاکا کے 87 اور نیروشان ڈکویلا کی سنچری شامل تھی۔گناتھیلاکا آؤٹ ہونے والے پہلے سری لنکن بلے باز تھے جس کے بعد نیروشان 116 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔کپتان اینجیلو میتھیوز نے 42 اور اپل تھرنگا نے 22 رنز کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے ایمپوفو اور میلکم والر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔زمبابوے نے 301 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلی وکٹ میں ہملٹن مساکاڈزا اور سلومن مائر نے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔مساکاڈزا 28 اور مائر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دونوں اوپنرز 82 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد کریگ ارون نے کریز سنبھالی اور زمبابوے کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

بارش کے باعث کھیل کو ایک گھنٹہ اور 36 منٹ روک دیا گیا اور جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو زمبابوے کو ڈک ورتھ لوئس کے تحت 39 اوورز میں 219 رنز کا ہدف دیا گیا۔زمبابوے نی21 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر 139 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا تو انھیں ڈک ورتھ لوئس کے تحت 9 رنز کی برتری حاصل تھی۔کریگ ارون نے ناقابل شکست 69 رنز بنا کر 30 ویں اوور کی دوسری گیند میں ہدف حاصل کرکے زمبابوے کو 4 وکٹوں سے کامیابی دلا ئی اور سیریز بھی برابر کردی۔مسکانڈا 30، سکندررضا 10 اور میلکم والر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے وانندو ہسارنگا نے 3 وکٹیں حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری میچ 10 جولائی کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 08/07/2017 - 23:12:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :