آسٹریلین کر کٹ بورڈ اور کھلاڑیوں میں معاوضوں کا تنازع مزید سنگین ہوگیا

ہفتہ 22 جولائی 2017 14:15

آسٹریلین کر کٹ بورڈ اور کھلاڑیوں میں معاوضوں کا تنازع مزید سنگین ہوگیا
برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2017ء)آسٹریلوی کرکٹ میں معاوضوں کا تنازع مزید سنگین ہوگیا ہے۔آئندہ ماہ دورئہ بنگلادیش اور پھر رواں برس شیڈول ایشز سیریز پر بدستور خطرے کی تلوار لٹکنے لگی ، کرکٹ آسٹریلیا (سی ای)اور پلیئرز کی نمائندہ تنظیم (اے سی اے )کے درمیان نئے معاہدے پر جاری بات چیت ختم ہوگئی۔ادھر ایسوسی ایشن نے دعوی کیاکہ ہماری پیش کردہ معاہدے کی تجویز کو بورڈ نے مسترد کردیا، جس پر جمعے کی دوپہر 2 گھنٹے کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا،اس میں معاوضے کی ادائیگی کے ماڈل پر اپنی جنگ کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیاگیا۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیاکا کہنا ہے کہ ہمیں اے سی اے کے دعوی پر حیرت ہوئی، ہم نے اس معاملے پر ابھی کوئی باضابطہ پوزیشن نہیں لی اورغوروخوض جاری رکھے ہوئے ہیں، سی اے چیف جیمز سدرلینڈ اور اے سی اے میں ہم منصب الیسٹر نکولسن میں جمعے کو ٹیلیفون اور ای میل پر رابطہ قائم رہا تاہم کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہم نے پیر کو اس معاملے پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے کیلیے آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کو ایجنڈا بھی بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پلیئرز کو1997 سے گراس ریونیو سے معاوضوں کی ادائیگی ہورہی تھی، انکا کہنا ہے کہ ہم نے جدید ریونیو اسکیم سی اے کو آفر کی ہے جس سے دونوں فریق خوش ہوسکتے ہیں،مگر بورڈکا موقف ہے کہ وہ آئندہ پانچ برسوں میں 200 ملین ڈالر سے زائد رقم گراس روٹ لیول پر کھیل کو فروغ دینے پر خرچ کرنا چاہتا ہے، اس کا مقصد مقامی کلبز کو سپورٹ کرنا ہے۔
وقت اشاعت : 22/07/2017 - 14:15:28