آسٹریلوی کر کٹرز کے معاوضوں کا تنازعہ ،ایشیز سیریز پر خطرے کی تلوار لٹکنے لگی

فریقین کے کسی سمجھوتے پر متفق ہونے پر بھی دستاویزات کی تیاری سے تاخیر ہوگی، ہم بہت لچک دکھا چکے ہیں، مزید ممکن نہیں ہے،ان حالات میں ایشیز سیریز کا انعقاد ممکن نظرنہیں آتا،آسٹریلوی پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایلسٹر نکولسن

پیر 24 جولائی 2017 16:19

آسٹریلوی کر کٹرز کے معاوضوں کا تنازعہ ،ایشیز سیریز پر خطرے کی تلوار لٹکنے لگی
سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء)کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان معاوضوں کا تنازعہ حل نہ ہوسکا جس کے باعث اس سال ایشیز سیریز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ایلسٹر نکولسن کا کہنا ہے کہ فریقین کے متفق ہونے پر بھی ایشیز سیریز سے قبل دستاویزات مکمل ہونا ممکن نہیں ہے۔کرکٹ آسٹریلیا اورکھلاڑیوں کے درمیان معاوضوں کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا جس کے نتیجے میں اس سال اہم ایشیز سیریز کا انعقاد بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔

پلیئرزایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ایلسٹر نکولسن اور سی اے ہم منصب جیمز سدرلینڈ کی اتوار کو ہونے والی ملاقات بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکی۔ نکولسن نے کہا ہے کہ اب فریقین کے کسی سمجھوتے پر متفق ہونے پر بھی دستاویزات کی تیاری سے تاخیر ہوگی۔

(جاری ہے)

ایلسٹر نکولسن کا کہنا ہے کہ ہم بہت لچک دکھا چکے ہیں، مزید ممکن نہیں ہے۔ ماضی کے تجربات کی روشنی میں ہم تفصیلی معاہدہ کرناچاہیں گے جو 700صفحات کا ہوسکتا ہے۔

ایم او یو مسودے کی تیاری، منظوری اور دستخط ہونے میں کافی وقت لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ معاہدہ میں بھی18 ماہ لگے تھے۔ ان حالات میں ایشیز سیریز کا انعقاد ممکن نظرنہیں آتا۔دوسری طرف جیمز سدرلینڈ نے مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے جلد مثبت نتائج کی امید ظاہر کی ہے۔ وہ ایشیز سیریز کے انعقاد کے لئے پر امید ہیں۔ ایشیز سیریز کا پہلا ٹیسٹ 23 نومبر کو برسبین میں شیڈول ہے۔ اس سے قبل اگست میں آسٹریلیا کو 2 ٹیسٹ کی سیریز کے لئے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے۔
وقت اشاعت : 24/07/2017 - 16:19:39