پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے ،ْ

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات برآمدات میں بہتری اور خسارہ کم کرنے کے لئے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں ،ْوزیر تجارت پرویز ملک فاٹا کی 7 ایجنسیوں اور 6 ایف آرز کے لئے پی ایس ڈی پی میں 24010ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ،ْعبد القادر بلوچ دی عرب میں پاکستانیوں کے اقامے‘ تنخواہوں کے معاملے میں ہمارے سفیر مدد کر رہے ہیں ،ْ وفاقی وزیر زاہد حامد

پیر 11 ستمبر 2017 22:31

پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے ،ْ برآمدات میں بہتری اور خسارہ کم کرنے کے لئے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا کہ وزارت تجارت تجارتی اتاشیوں کی کارکردگی کا وقفتاً فوقتاً جائزہ لیتی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب افسران کے ایک نئے بیج نے حال ہی میں اپنے دفاتر جوائن کئے ہیں ان میں سے بیشتر اگست 2017ء تک اپنے دفتر میں ایک سال مکمل کرلیں گے۔ ان افسران کی کارکردگی کی معروضی تشخیص کے پی آئیز کی بنیاد پر ایک سال بعد مکمل کی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں بہتری اور خسارہ کم کرنے کے لئے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں۔

ڈالر کی قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مانیٹری پالیسی کے تحت ہی ڈالر کی قیمت اور روپے کی قدر کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ امپورٹ اور ایکسپورٹ کے حوالے سے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر تجارت نے کہا کہ کچھ صنعتیں مشکلات میں ہیں ان کے لئے حکومت نے پیکج دیا ہے جس کا مقصد برآمدات کو بڑھانا ہے۔ وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ ہمارے ماحول کی وجہ سے کم بچیاں کرکٹ کے کھیل میں آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تربیت کے لئے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل ٹرائل بہت جلد منعقد ہوں گے جو بعد ازاں قومی ٹیموں میں جاسکیں گے۔ کھیلوں میں شامل ہونے والی بچیوں کے ڈر یس کوڈ کے حوالے سے بتایا کہ آئی سی سی کا مقررہ ڈریس استعمال کرتے ہیں لیکن ہم آئی سی سی کو لکھیں گے کہ ایسا لباس نہ ہو جو ہماری تہذیب و تمدن کے خلاف ہو۔

وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا کہ پانچ سیکٹرز کو پروموٹ کرنے کے لئے حکومت نے خصوصی پیکج دیا ہے۔ امید ہے کہ مشکلات سے جلد نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل‘ گارمنٹس کے ڈیوٹی ڈرا بیک کم کیا گیا ہے۔ گل آفریدی کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ انٹرنیشنل روڈ کے حوالے سے ڈبلیو ٹی او کے قواعد و ضوابط کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کا خاتمہ 15 جولائی 2017ء تک ایم ایم ایف پر کسٹم ڈیوٹی کا خاتمہ‘ ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد پر کوئی ٹیکس نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ اس وقت ٹیکسٹائل پر مشکل حالات ہیں۔ یہ بڑی صنعت ہے اسے دوبارہ اپنی جگہ پر لائیں گے۔وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 24010 ملین روپے کی مخصوص کردہ رقم میں سے وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے 4802 ملین روپے کی رقم جاری کردی ہے۔

جاری کردہ رقم سے 449 ملین روپے فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور فاٹا اے ڈی پی کی 603 منظور شدہ سکیموں کے لئے 4320 ملین روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ 482 ملین ناگزیر وجوہات کے لئے رکھے گئے ہیں جس کی ادائیگی دو ماہ میں ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ کے بعد قسط دی جاتی ہے اور جنید اختر کے ضمنی سوال پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فاٹا میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔

تین ارب فنڈز مختص کئے گئے تھے لیکن استعمال نہیں ہوئے۔ اس پر فاٹا سیکرٹریٹ سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ اس پراجیکٹ کے لئے ایک پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کیا جارہا ہے تاکہ تعمیرات بہتر اور فنڈز کا ٹھیک استعمال ہو سکے۔ وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا کہ 12 سے 13 ممالک میں سرخ گوشت پاکستان سے جارہا ہے اس سے مقامی سطح پر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو رہا۔

فیصل رضا عابدی کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی فوڈ کے پیداواری علاقوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لئے وفاقی ‘ صوبائی حکومت اور مشینری ڈیپارٹمنٹ دیکھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے اقامے‘ تنخواہوں کے معاملے میں ہمارے سفیر مدد کر رہے ہیں۔ شیر اکبر خان کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بونیر سے متعلق اوورسیز کے حوالے سے جو بھی مسائل ہیں وہ حل کریں گے۔

وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کمرشل قونصلر کی اہلیت اور کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ کمرشل قونصلر کی اولین ذمہ داری تجارت کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل قونصلروں اور ٹریڈ قونصلروں کی کارکردگی کے حوالے سے نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے جن کی کارکردگی اچھی نہیں انہیں واپس بلوایا جاتا ہے۔ سہیل منصور کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے بتایا کہ سٹیٹ افسران کو بیرون ملک تربیت دے کر بھجوایا جاتا ہے۔

ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور مدت آگے بڑھائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ ایران کی جیلوں میں کوئی پاکستانی مچھیرے قید نہیں ہیں بلکہ منشیات کی سمگلنگ‘ منشیات رکھنا‘ غیر قانونی داخلہ‘ جعلی پاسپورٹ‘ اغواء‘ چوری اور قتل کے مقدمات میں 25 پاکستانی ایران کی جیلوں میں قید ہیں۔
وقت اشاعت : 11/09/2017 - 22:31:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :