شبیر شریف شہید نائنز نے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

فائنل میچ اور اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ، شہداء کے عزیز و اقارب و دیگر اہم شخصیات کی شرکت

منگل 10 اکتوبر 2017 22:57

شبیر شریف شہید نائنز نے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) شبیر شریف شہید نائنز نے نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں شبیر شریف شہید نائنز نے محمد محفوظ شہید نائنز کو 2 گول کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ شبیر شریف شہید نائنز کی ٹیم کی جانب سے باقاعدہ کھیلے گئے میچ میں علیم بلال نے پینالٹی اسٹروک اور محمد نوید نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کئے جبکہ محفوظ شہید نائنز کی جانب سے واحد گول ذوہیب اشرف نے پینالٹی اسٹروک پر کیا۔

میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ شوٹ آئوٹ دیئے گئے جس میں شبیر شریف شہید نائنز کی جانب سے تین گول محمد نوید، رانا سہیل اور محمد فیضان نے اسکور کئے، اس طرح محفوظ شہید نائنز کی طرف سے واحد گول ساران بن قمر نے کیا۔

(جاری ہے)

نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل اور اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر شہداء کے عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔ تقریب میں راشد منہاس شہید کی والدہ، کیپٹن شبیر خان شہید کے والد اور بھائی، محمد محفوظ شہید اور لالک جان شہید کے بیٹے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑی پاکستان کے قومی لباس میں ملبوس رہے۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ میچ کے اختتام کے بعد مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا تعارف ایونٹ میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور اولمپیئنز سے کروایا گیا۔

انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کا جذبہ قابل دید ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کا مقام ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان میں نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی، کراچی میں انٹرنیشنل ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مسقبل قریب میں دورہ کرنے والی ٹیم ورلڈ الیون کو بھی مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کر کے خوشی ہوئی، میجر شبیر شریف نائنز کی ٹیم کو فائنل میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے اور بوہریوں کے پیشوا جب کراچی آئے تو 31 ہزار غیر ملکی بھی کراچی آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لیگ بھی پہلی بار پاکستان میں مارچ کے مہینے میں ہو گی، سندھ حکومت ہاکی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے 11 اکیڈمیز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہاکی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چھرا مار گروپ کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ فائنل اور اختتامی تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکریٹری اولمپیئن شہباز احمد، قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار، اولمپئن اصلاح الدین، اولمپئن افتخار سید، اولمپئن ایاز محمود اور دیگر اہم شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
وقت اشاعت : 10/10/2017 - 22:57:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :