سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے قذافی سٹیڈیم میںانتظامات میں تیزی آگئی

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پی سی بی کا عملہ سٹیڈیم میں اسٹینڈز کی صفائی کیلئے سرگرم، کرسیوں کو دھونے کا سلسلہ جاری کرسیاںکی مرمت ، ڈریسنگ روم کی صفائی اور رنگ و روغن ، نشتر اسپورٹس کمپلیکس کا پورا علاقہ 25 اکتوبر سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ

منگل 24 اکتوبر 2017 14:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2017ء) لاہور میں سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی میچ کے انتظامات میں تیزی آگئی۔گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے تیزی سے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پی سی بی کا عملہ قذافی اسٹیڈیم میں اسٹینڈز کی صفائی کیلئیسرگرم نظر آیا، تمام کرسیوں کو پائپ لگا کر دھونے کا سلسلہ جاری رہا، ٹوٹی ہوئی کرسیاں تبدیل کرنے کے ساتھ مرمت بھی کی جاتی رہی، ڈریسنگ روم کی صفائی اور رنگ و روغن بھی ہو رہا ہے، ورلڈ الیون سے سیریز کے بعد موسم بہتر ہونے سے میدان بھی زیادہ سرسبز نظر آرہا ہے جب کہ روڈز پر لائٹس کی تنصیب کاکام شروع کردیا گیا۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں نشتر اسپورٹس کمپلیکس کا پورا علاقہ 25 اکتوبر سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 29 اکتوبر کو میچ مکمل ہونے تک لبرٹی چوک سے فیروز پور روڈ تک عام ٹریفک کی آمد مکمل طور پر بند رہے گی، پیدل آنے والوں کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں آنے کی اجازت ملے گی، سری لنکن ٹیم کی آمد سے 2روز قبل تمام ملحقہ اسٹیڈیمز میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

دریں اثنا لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تیاریوں کا آغازکر دیا، ڈپٹی کمشنر سمیراحمد سید نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی سی اوز اور ایم اوزکی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کی 28 اکتوبر کولاہور آمد شیڈول ہے،اگلے روز واحد ٹوئنٹی 20 میچ کھیلنے کے بعد پیر کوآئی لینڈرزوطن روانہ ہو جائیں گے۔
وقت اشاعت : 24/10/2017 - 14:47:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :