جادو گر اسپنر سعید اجمل کا کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان

میں کسی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا، وقت آ گیا ہے کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لوں خود پر سفارشی کی مہر نہیں لگوانا چاہتا، قومی ٹی20 چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گا،انٹرویو

پیر 13 نومبر 2017 21:23

جادو گر اسپنر سعید اجمل کا کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2017ء) جادو گر اسپنر سعید اجمل نے کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی میں جاری قومی ٹی 20 کپ کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا۔30 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کرنے والے سعید اجمل نے اپنی آف اسپن اور دوسرا سے حریف بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا اور ورلڈ ٹی20 سمیت متعدد مواقعوں پر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

آف اسپنر نے ورلڈ کپ میں بھی شاہد آفریدی کے ہمراہ عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کے خلاف 2012 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں شاندار باؤلنگ کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سعید اجمل نے نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ٹیم پر بوجھ نہیں بننا چاہتا اور اب وقت آ گیا ہے کہ میں کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر لوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خود پر سفارشی کی مہر نہیں لگوانا چاہتا اور قومی ٹی20 چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گا۔40 سالہ آف اسپنر کے کیریئر میں ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب مشکوک باؤلنگ ایکشن کے سبب ان کی باؤلنگ پر پابندی عائد کردی گئی اور اس کے بعد ان کا کیریئر زوال پذیر ہو گیا۔انہوں نے عظیم پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ ایکشن بہتر بنانے پر کام کیا اور آئی سی سی نے 2015 میں ان کے ایکشن کو درست بھی قرار دے دیا تاہم ایکشن میں تبدیلی کے بعد ان کی باؤلنگ میں پہلی جیسی افادیت نہ رہی جس کے سبب وہ ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بدترین باؤلنگ نے ان کے کیریئر کے اختتام پر مہر ثبت کردی اور وہ متعدد کوششوں کے باوجود بھی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔سعید اجمل نے 35 ٹیسٹ میچوں 178، 113 ون ڈے میچوں میں 184 اور 64 ٹی20 میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان سپر لیگ میں بھی سعید اجمل کی کارکردگی واجبی ہی رہی جس سے ان کی ٹیم میں واپسی کی رہی سیہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔موجودہ ٹی20 ٹورنامنٹ میں راولپنڈی کی قیادت کرنے والے سعید اجمل کو پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کیا ہے اور کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد امید ہے کہ اب وہ کوچنگ کے شعبے میں ہی اپنے کیریئر کو آگے بڑھائیں گے۔
وقت اشاعت : 13/11/2017 - 21:23:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :