پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری کرے گی

بدھ 22 نومبر 2017 13:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی )پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری کرے گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے گذشتہ روز’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے لئے پی بی سی سی نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ورلڈ کپ کے 24 میں سے 17 میچز متحدہ عرب امارات جبکہ فائنل سمیت 7 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے لئے شیڈول ایک ہفتے تک جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میںاگر ایشین ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو فائنل پاکستان میں 21 جنوری کو ورنہ متحدہ عرب امارات میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی سلیکشن کمیٹی نے پانچویںعالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئی18کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے حتمی منظوری کیلئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین کو بھیجوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی بی سی سی کے چیئرمین ایک ہفتے بعد باضابط قومی ٹیم کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا یہاں پر انڈیا کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے۔ 2006 ء کے ورلڈ کپ میں ہم نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔ اس مرتبہ میزبانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائٹل جیتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں 7ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں آسٹریلیا ، سری لنکا ، ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں متحدہ عر ب امارات میں کھیلیں گی جبکہ پاکستان ، بھارت ،نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب 7جنوری 2018ء کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 8 سے 10 جنوری تک پاکستان میں 2، 2 اور ابوظہبی میں ایک ایک میچ کھیلا جائے گا۔ 11جنوری کو آرام کا دن ہو گا، اس کے بعد چاروں ٹیمیں متحدہ عرب امارات جائے گی اور وہاں پر اپنے تمام لیگ میچ کھیلیں گے۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 13:28:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :