قومی ٹی 20 کپ، لاہور وائٹس نے اسلام آباد کو 109 رنز سے ہرا دیا، کامران اکمل 150 رنز کی تاریخ ساز اننگز، مرد میدان قرار پائے

جمعہ 24 نومبر 2017 14:23

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) قومی ٹی 20 کپ، لاہور وائٹس نے کامران اکمل کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت اسلام آباد کو 109 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 209 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 12 چھکوں کی مدد سے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ٹی 20 کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے بڑی اننگز ہے۔

اسلام آباد کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بلال آصف اور آصف علی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کامران اکمل مرد میدان قرار پائے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

لاہور وائٹس نے کامران اکمل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 209 رنز بنائے۔

کامران اکمل نے 71 گیندوں پر 150 رنز بنائے جس میں 12 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ یہ ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے کسی بھی کھلاڑی کی بڑی اننگز ہے۔ کپتان سلمان بٹ نے 55 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 100 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ رضا حسن 19 اور شان مسعود 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آصف علی اور بلال آصف نے تین، تین جبکہ وہاب ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 14:23:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :