پہلا ون ڈے ،بھارتی شیر112 رنز پر ڈھیر،لکمل کے 4شکار

اتوار 10 دسمبر 2017 14:32

پہلا ون ڈے ،بھارتی شیر112 رنز پر ڈھیر،لکمل کے 4شکار
دھرم شالہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10دسمبر2017ء)پہلے ون ڈے میں سری لنکن باﺅلرز نے بھارتی بلے بازوں کی تکنیک کی اصلیت دنیا کے سامنے آشکار کردی ہے،میزبان ٹیم محض112رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوگئی ۔ دھرم شالا میں کھیلے جارہے اس مقابلے میں سری لنکن کپتان تھیسارا پریرا نے ٹاس جیت کر گرین وکٹ پر پہلے باﺅلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے باﺅلرز نے کپتان کے فیصلے پر لبیک کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کی زندگی اجیرن کردی ۔

اوپنر روہت شرما 9رنز بنا کر لکمل کا شکار بنے ، شیکھردھون بغیر کوئی رن بنائے میتھیوز کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوئے ، شیریاس ایر 9رنز بنا کر پرادیپ کی گیند پر پوویلین لوٹے ،دنیش کارتھک کو لکمل نے بغیر کوئی رن بنائے پوویلن بھیجا اورمنیش پانڈے کو2رنز پر میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروایا ،ہاردیک پانڈیا 10رنز بنا کر پرادیپ کی گیند پر آﺅٹ ہوئے اور بھونیشور کماربغیر کوئی رن بنائے لکمل کی گیند پر آﺅٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دھونی نے کلدیپ یادیو کے ساتھ ملکر 41رنز کی شراکت داری قائم کی ، کلدیپ19رنز بنا دننجیا کی گیند پر سٹمپ آﺅٹ ہوئے ،جسپریت بمراہ بھی بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے جس کے بعد دھونی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی67ویں نصف سنچری مکمل کی اور وہ آﺅٹ ہونے والے آخری بھارتی کھلاڑی تھے جو65رنز بنا کر پریرا کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔سری لنکا کیلئے سرنگا لکمل نے4،فرنینڈو نے2اور پریرا،دننجیا ،میتھیوز اور پتھرینا نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ 
وقت اشاعت : 10/12/2017 - 14:32:09