قومی ٹیم ردھم میں ہے، امید ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی، سرفراز احمد

منگل 26 دسمبر 2017 15:44

لاہور۔26 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ردھم میں ہے اور امید ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی، تماشائیوں کی تفریح کے لئے ٹی ٹین کرکٹ بہت اچھی ہے لیکن اس سے کرکٹرز کو ٹیسٹ کر کٹ کی عادت بھول جائے گی کیونکہ اس سے بلے باز لمبی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم نے گزشتہ 9ون ڈے میچوں میں ٹیم ورک کی وجہ سے اچھی پرفارمنس دی اور اب نیوزی لینڈ میں بھی ٹیم قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ سرفراز احمد نے کہاکہ بائولنگ ہماری ٹیم کا اہم ہتھیار رہا ہے لیکن ہمارے اہم بولرز جنید خان ،عثمان شنواری اور عماد وسیم کے ان فٹ ہونے سے ٹیم کو سیٹ بیک ہوا ہے لیکن امید ہے کہ ان کی جگہ آنے والے بولرز بھی اچھی پرفارمنس کامظاہرہ کریں گے، ہمارے بلے بازوں کی کارکردگی بھی کافی اچھی رہی ہے،شعیب ملک، حفیظ اور بابر اعظم اچھی فارم میں ہیں اور ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں جبکہ ہمارے پاس کا فی آل رائونڈرز بھی ہیں۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے کہاکہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کنڈیشز دیکھ کر چار یا پانچ بولرز کو کھیلانے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر پابندی لگنا بھی ایک سیٹ بیک تھا لیکن امید ہے کہ پی سی بی کی ٹیم ان کے بولنگ ایکشن پر کام کرکے اسے کلیئر کروانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ محمد حفیظ کی جگہ شعیب ملک سے بولنگ کروائیں گے ،ہماری ٹیم مثبت اور ٹیکنگ کرکٹ کھیلے گی۔

اوپنرز کو بتادیا کہ وہ اپنا قدرتی کھیل کھیلیں اور بولرز پر اٹیک کریں۔ سرفراز احمد نے کہاکہ احمد شہزاد کو نظر انداز نہیں کیا گیا اور امید ہے کہ ٹی ٹونٹی میں انہیں موقع ملے گا۔ احمد شہزاد نے ڈومیسٹک میں اچھی پرفارمنس دکھائی ہے لیکن گزشتہ سیریز میں ان کی کارکردگی اچھی نہ تھی جس کی وجہ سے امام الحق کو موقع دیا گیا ،امام الحق اچھی پرفارمنس کررہے ہیں اسلئے احمد شہزاد کو ریسٹ کروایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تربیتی کیمپ میں تیاری بہت اچھی چل رہی ہے ،تربیتی کیمپ میں دو دن کا مزید اضافہ کیا گیا ہے، دعا ہے کہ بیٹنگ لائن اپ تبدیل نہ ہو اور ہمارے بلے باز اچھی پرفارمنس کریں ،کسی ملک کی ہوم کنڈیشنز پر کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن فخر زمان کے علاوہ تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ میں پہلے کھیل چکے ہیں اور ان کو وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں کوئی دقت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انجواے منٹ کے لئے ٹی ٹین کرکٹ بہت اچھا ہے لیکن اس سے کرکٹرز کو ٹیسٹ کر کٹ کی عادت بھول جائے گی کیونکہ اس سے بلے باز لمبی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔
وقت اشاعت : 26/12/2017 - 15:44:23