انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کی ناقص وکٹ پر گراؤنڈ کے حکام کو آفیشل وارننگ جاری

ہفتہ 13 جنوری 2018 13:05

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کی ناقص وکٹ پر گراؤنڈ کے حکام کو آفیشل وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ڈرا پر ختم ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کی وکٹ کو دونوں ٹیموں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جہاں کھیل کے پانچ دن کے دوران صرف 24 وکٹیں رکھیں۔

میچ میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 327 اور دوسری اننگز چار وکٹ کے نقصان پر 263 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی جبکہ انگلینڈ نے میچ میں اپنی واحد اننگز میں ایلسٹر کک کی ڈبل سنچری کی بدولت 491 رنز بنائے۔میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس وکٹ میں گیند اور بلے کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں تھا اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے وکٹ پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ یہ مقام مستقل استعمال ہو رہا ہے اور ماضی میں کوئی ایسی مثال نہیں ملتی کہ انٹرنیشنل میچ کی وکٹ کو ناقص قرار دیا گیا ہو۔آئی سی سی نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور میلبرن کرکٹ کلب نے مستقبل میں انٹرنیشنل مقابلوں میں بہتر وکٹوں کی تیاری کا عزم ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ میلبرن کی وکٹ آسٹریلیا کی تاریخ کی پہلی وکٹ ہے جسے ناقص قرار دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 13/01/2018 - 13:05:28