نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان

بولٹ آخری ایک روزہ اور پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آرام کریں گے، بین ویلر کی ٹیم میں واپسی

بدھ 17 جنوری 2018 22:17

نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان
آکلینڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ آخری ایک روزہ اور پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آرام کریں گے، سیتھ رانس آخری ون ڈے میں ایکشن میں نظر آئین گے، بین ویلر کی بھی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ سلیکٹرز نے روٹیشن پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈز کا اعلان کیا، بولٹ آخری ون ڈے اور پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آرام کے بعد آخری دو ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کریں گے، سیتھ رانس جنہوں نے گزشتہ برس ڈیبیو کیا تھا آخری ون ڈے میں ٹیم میں کم بیک کریں گے، اس کے علاوہ وہ پہلے اور تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے، ٹم سائوتھی کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ سے آرام دیا گیا ہے، روز ٹیلر صرف پہلا ٹی ٹونٹی کھیلیں گے، اسی طرح ٹام بروس، کولن ڈی گرینڈ ہوم، لاکی فرگوسن دوسرا اور تیسرا، مارٹن گپٹل، انارو کچن کولن منرو، گلین فلپس، سیتھ رانس، مچل سینٹنر، ایش سودی اور ٹم سائوتھی پہلا اور آخری ٹی ٹونٹی کھیلیں گے، کین ولیمسن تینوں میچز میں ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کیویز کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کے خلاف 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 17/01/2018 - 22:17:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :