شاہ حسین شاہ، قیصر خان اور افتخار احمد کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کیلئے ہنگری بھجوائیں گے، پی جے ایف

پیر 22 جنوری 2018 11:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء)پاکستان جوڈو فیڈریشن نے تین کھلاڑیوں کے نام ہنگری میں تربیت کیلئے فائنل کر دیئے ہیں۔ پی جے ایف کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان جوڈو فیڈریشن شاہ حسین شاہ، قیصر خان اور افتخار احمد کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کیلئے ہنگری بھجوائے گی۔

تربیتی پروگرام 2 ماہ پر محیط ہو گا جو فروری اور مارچ میں کھلاڑی وہاں پر تربیت حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑی ہنگری میں آئی جے ایف ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کریں گے اور وہاں پر بین الاقوامی کوچ انہیں بھر پور تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے قیصر خان کو ارجنٹینا میں ہونے والے یوتھ اولمپک 2018ء کیلئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قیصر خان کو یوتھ اولمپک سے قبل کوالیفائنگ رائوند کو عبورکرنا پڑے گا۔ مسعود احمد خان نے کہاکہ فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ اور افتخار احمد کو جاپان میں ہونے والے 2020ء اولمپکس گیمز کیلئے تیارکرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے کوالیفکیشن رائونڈ اگست کے بعد شروع ہوں گے۔
وقت اشاعت : 22/01/2018 - 11:41:00