چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 4وکٹوں پر374رنز بنا لئے

ْ مومن الحق اور مشفق کیتیسری وکٹ کیلئے 236رنز کی پارٹنر شپ ، مومن175رنز بنا کر ناقابل شکست

بدھ 31 جنوری 2018 22:32

چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 4وکٹوں پر374رنز بنا لئے
چٹاگانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2018ء) مومن الحق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جاندار آغاز کیا، میزبان ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 374رنز بنا لئے، مومن الحق اور مشفق الرحیم نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 236 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، مشفق 92 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مومن الحق حریف بائولرز کے سامنے چٹان بن گئے، 175 رنز پر ناقابل شکست ہیں، محموداللہ 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو چٹاگانگ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی قائد محموداللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تمیم اقبال اور امرالقیس نے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، تمیم 52 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر بولڈ ہوئے، 120 کے سکور پر امرالقیس 40 رنز بنانے کے بعد سنداکن کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر مومن الحق اور مشفق الرحیم نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 236 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، 356 کے سکور پر سرنگا لکمل نے مشفق کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، مشفق 92 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد مومن الحق اور محموداللہ نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں پر 374 رنز بنا لئے تھے، مومن الحق 175 اور محموداللہ 9 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سرنگا لکمل نے 2 جبکہ پریرا اور سنداکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 31/01/2018 - 22:32:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :