پہلا کینن فوم چیلنج کپ 15فروری سے شروع ہوگا

منگل 6 فروری 2018 18:55

پہلا کینن فوم چیلنج کپ 15فروری سے شروع ہوگا
لاہور۔6 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2018ء)گولڈ ن سٹار کرکٹ کلب کے زیراہتمام پہلا کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ 15فروری سے شروع ہو گا۔ٹورنامنٹ کمیٹی کے پیٹرن انچیف شیخ محمد ابراہیم نے گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے صدر واصف زمان ،لائنز کلب ممبر شفیع اللہ خان اور سیکرٹری ٹورنامنٹ کمیٹی شہباز علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں لاہور ایسٹ زون سے ملحقہ 57ایکٹیو اور نان ایکٹیو کلبوں کے ساتھ ساتھ لاہور ہائی کورٹ بار کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔شیخ محمد ابراہیم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو سپانسر کرنے کا مقصد گراس روٹ لیول پر کرکٹ کا فروغ ہے اورلاہور ایسٹ زون میں ٹورنامنٹ کروانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا زون ہے جہاں سے عبد القادر،عامر سہیل ،ہمایوں فرحت ،عمران فرحت ،ندیم غور ی ،نوید انجم ،اکرم رضا جیسے کرکٹرز نے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، اسی طرح کئی نامور فرسٹ کلاس کرکٹرز کا تعلق بھی اسی زون سے رہا مگرگذشتہ کچھ عرصے میںیہاں کرکٹ کی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں جن کو بحال کرنے میں ہم اپنا کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اعجاز فاروق نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں کردار دا کرنے کے لئے ترغیب دی ،پاکستان کرکٹ کو اعجاز فاروق جیسے کرکٹ آرگنائزرز کی اشد ضرورت ہے ۔شیخ محمد ابراہیم نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ کے فائنل سے ایک روزقبل سجال کا نمائشی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ بھی کروایاجائے گا ۔گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے صدر واصف زمان نے اس موقع پر ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے بھر پور تعاون کرنے پر شیخ محمد ابراہیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کے فروغ کی طرف پہلا قدم ہے مستقبل میں اس سلسلے کو مزید وسیع کیا جائے گا،واصف زمان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے حوالے سے پی سی بی کی پالیسی بہت اچھی ہے مگر اس میں بورڈکو تھوڑی آسانی پیدا کرنی چاہئے تاکہ زیادہ ٹورنامنٹ آرگنائزرز اس طرف آسکیں ،ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کے لئے کلبوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کا سامنے آنا انتہائی اچھی بات ہے ۔

لائنز کلب کے سینئر ممبر شفیع اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا یہ ٹورنامنٹ کروانے کا واحد مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے کرکٹ کی سیاست سے ہمارا کو ئی تعلق نہیں ہے ۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں شیخ محمد ابراہیم ،واصف زمان اور شفیع اللہ خان نے ٹورنامنٹ کے ڈراز بھی نکالے ،جن کا اعلان آج کیا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 06/02/2018 - 18:55:28