جوبلی انشورنس 43ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ 12 فروری سے شروع ہو گی

ملک بھر سے 52 کیوئسٹس ایکشن میں دکھائی دیں گے، محمد سجاد ٹائٹل کا دفاع کریں گے

جمعہ 9 فروری 2018 10:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء) جوبلی انشورنس 43ویں قومی سنوکر چیمپئن شپ 12 فروری سے کراچی جمخانہ، کراچی میں شروع ہو گی۔ ملک بھر سے 52 کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ چیمپئن شپ میں محمد سجاد ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 21 فروری تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں ملک کے چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد کے کیوئسٹس قسمت آزمائی کریں گے، قومی جونیئر انڈر 18 اینڈ انڈر 21 چیمپئن شپ کے 4 جبکہ تین کیوئسٹس وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

ایونٹ میں شرکت کرنے والے 52 کیوئسٹس کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو کیوئسٹس پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔

(جاری ہے)

کوالیفائنگ رائونڈ بیسٹ آف سیون، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف نائن، سیمی فائنلز بیسٹ آف الیون جبکہ فائنل بیسٹ آف 15 فریمز پر مشتمل ہو گا۔ چیمپئن شپ کا فاتح کیوئسٹ رواں برس ایران میں شیڈول 34ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرے گا۔ پی بی ایس اے کے ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ اور 72 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح کیوئسٹ ایک لاکھ جبکہ رنر اپ کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 09/02/2018 - 10:20:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :