عمران طاہر کو بھارت کیخلاف چوتھے ون ڈے میں نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانیکا انکشاف

پیر 12 فروری 2018 17:38

عمران طاہر کو بھارت کیخلاف چوتھے ون ڈے میں نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانیکا انکشاف
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12فروری2018ء)پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر کو بھارت کیخلاف چوتھے ون ڈے کے دوران تماشائیوں میں موجودایک شخص کی جانب سے نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد مذکورہ شخص کو میدان سے باہر نکا ل دیا گیا ۔

(جاری ہے)

کرکٹ جنو بی افریقہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہانسبرگ میں بھارت کیخلاف چوتھے ون ڈے کے دوران عمرا ن طاہر کو نامعلوم شخص نے زبانی طور پر نسلی تعصب کا نشانہ بنایا،38سالہ لیگ سپنر نے فوری طور پر اس واقعے کے بارے میں سٹیڈیم سکیورٹی کو آگا ہ کیا اور پھر ان کے ساتھ جاکر مذکورہ شخص کی نشاندہی بھی کی جسے فوری طور پر سٹیڈیم سے باہر نکا ل دیا گیا ،کرکٹ بورڈ اور سکیورٹی حکام تاحال واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں ۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2015ءکے دوران بھی عمران طاہر کو آئر لینڈ کیخلاف میچ کے دوران نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا تھا۔

وقت اشاعت : 12/02/2018 - 17:38:26