کیریئر کے دوران ویرات کوہلی کو آئوٹ کرنا خواب ہے، دنیا کا نمبر ایک بائولر بننا ہدف ہے، رومان رئیس

منگل 27 فروری 2018 22:19

کیریئر کے دوران ویرات کوہلی کو آئوٹ کرنا خواب ہے، دنیا کا نمبر ایک بائولر بننا ہدف ہے، رومان رئیس
دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2018ء) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بائولر رومان رئیس نے کہا ہے کہ کیریئر کے دوران بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو آئوٹ کرنا خواب ہے، اپنی بائولنگ میں مزید بہتری کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہا ہوں، دنیا کا نمبر ایک بائولر بننا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے خوب جان لڑائوں گا۔ رومان رئیس پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران کوہلی کو آئوٹ کرنا چاہتا ہوں، اگر ایک بار بھی آئوٹ کیا تو اسے اپنی بڑی کامیابی سمجھوں گا، میں نے ابھی تک سٹیون سمتھ، کوہلی اور ڈی ویلیئرز کو بائولنگ نہیں کی اور جب بھی موقع ملا اس پر خوشی ہو گی، میں چیلنج تو نہیں کرتا لیکن مجھے پوری امید ہے کہ جب بھی کوہلی کا سامنا ہوا تو میں بھرپور اعتماد سے بائولنگ کرا کر وکٹ حاصل کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کے خلاف بائولنگ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کیوی قائد ولیمسن کو آئوٹ کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں نے گزشتہ سال سیریز کے دوران انہیں چار بار نشانہ بنایا، اسی طرح میں کوہلی، ویلیئرز اور سمتھ کا سامنا کرنے کیلئے بے تاب ہوں اور جب بھی موقع ملا میں انہیں آئوٹ کرنے کیلئے خوب جان لڑائوں گا۔ واضح رہے کہ رومان کو 9 ون ڈے اور 8 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 27/02/2018 - 22:19:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :