رومان رئیس نے اپنی شدید ترین خواہش اظہار کردیا

ویرات کوہلی کو آوٹ کرنا خواب ہے،جب بھی کوہلی کا سامنا ہوا تو میں بھرپور اعتماد سے باؤلنگ کرا کر وکٹ حاصل کروں گا ،ْ بیان

بدھ 28 فروری 2018 22:11

رومان رئیس نے اپنی شدید ترین خواہش اظہار کردیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2018ء) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلر اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان رومان رئیس نے کہا ہے کہ کیریئر کے دوران بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنا خواب ہے اور دنیا کا نمبر ایک باؤلر بننا ان کا ہدف ہے۔پاکستان سپر لیگ میں مصباح الحق کے انجری کا شکار ہونے پر نوجوان فاسٹ باؤلر رومان رئیس کو قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا جنہوں نے پہلے میچ میں ناکامی کے بعد دوسرے میچ میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیریئر کے دوران کوہلی کو آؤٹ کرنا چاہتا ہوں، اگر ایک بار بھی آؤٹ کیا تو اسے اپنی بڑی کامیابی سمجھوں گا۔نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں نے ابھی تک اسٹیون اسمتھ، کوہلی اور ڈی ویلیئرز کو باؤلنگ نہیں کی اور جب بھی موقع ملا اس پر خوشی ہو گی، میں چیلنج تو نہیں کرتا لیکن مجھے پوری امید ہے کہ جب بھی کوہلی کا سامنا ہوا تو میں بھرپور اعتماد سے باؤلنگ کرا کر وکٹ حاصل کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کے خلاف باؤلنگ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، کیوی قائد ولیمسن کو آؤٹ کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں نے گزشتہ سال سیریز کے دوران انہیں چار بار نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح میں کوہلی، ڈی ویلیئرز اور اسمتھ کا سامنا کرنے کیلئے بے تاب ہوں اور جب بھی موقع ملا میں انہیں آؤٹ کرنے کیلئے خوب جان لڑاؤں گا۔رومان رئیس نے کہا کہ میں اپنی باؤلنگ میں مزید بہتری کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہوں، میرا ہدف عالمی نمبر ایک باؤلر بننا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے خوب جان لڑاؤں گا۔واضح رہے کہ رومان کو 9 ون ڈے اور 8 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 28/02/2018 - 22:11:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :