ڈربن ٹیسٹ ، ڈیوڈ وارنر اور ڈی کوک کے درمیان تلخ کلامی کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پر آگئی

پیر 5 مارچ 2018 11:38

ڈربن ٹیسٹ ، ڈیوڈ وارنر اور ڈی کوک کے درمیان تلخ کلامی کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پر آگئی
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مارچ 2018ء)آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کے درمیان گراﺅنڈ کے اندر ہونے والی تلخی گراﺅنڈ کے باہر تک جا پہنچی، آسٹریلوی نائب کپتان اور اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوائنٹن ڈی کوک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ٹیموں کے کھلاڑی پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز چائے کے وقفے کے دوران ڈریسنگ روم جارہے تھے کہ اس دوران اچانک ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر ڈی کوک پر جملے کسنا شروع کردیے۔سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسٹریلوی بلے باز وارنر نے ڈی کوک پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں پیچھے دھکیلا اور کپتان سٹیو سمتھ انہیں ڈریسنگ روم میں لے گئے ۔

کھلاڑیوں کے درمیان واقعہ کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی تاہم گراﺅنڈ کے اندر پروٹیز بلے باز اے بی ڈویلیئرز کو رن آﺅٹ کرنے کے بعد ڈیوڈ وارنر نے جشن منایا تھا اور ان کے جشن منانے کے انداز پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ واقعے کا جائزہ لے رہے کہ یہ صورت حال کیوں پیدا ہوئی۔ 

وقت اشاعت : 05/03/2018 - 11:38:53