پاکستان آنے سے انکاری غیر ملکی کرکٹرز کیلئے سزا تجویز کردی گئی

جمعہ 16 مارچ 2018 12:30

پاکستان آنے سے انکاری غیر ملکی کرکٹرز کیلئے سزا تجویز کردی گئی
شارجہ(اردو وپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مارچ2018ئ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرنےوالے غیرملکی کھلاڑیوں کے انتخاب پر پی سی بی سے شدید خفا ہیں۔ایک انٹر ویوکے دوران معین خان نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنےوالے ان غیر ملکی کرکٹرز کی ساکھ اور پاکستان دوستی کے دعوﺅں پر سوال اٹھایا جو لاکھوں ڈالرز لے کر متحدہ عرب امارت میں تو پی ایس ایل میں شرکت کرتے ہیں لیکن آخری وقت میں بھاری معاوضہ لینے کے باوجود پاکستان جانے سے انکار کردیتے ہیں۔

معین خان نے کہا کہ ایسے کھلاڑی پاکستان کرکٹ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، اس صورتحال کا ذمہ دار کرکٹ بورڈ ہے جو ان کھلاڑیوں کے نام ڈرافٹنگ میں ڈالتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کرکٹ سے محبت ہے ، میں اپنی لیگ کو خراب نہیں دیکھنا چاہتا اور پاکستان میں کھیلنے سے غیر ملکی کھلاڑی انکار کررہے ہیں تو اس پر پی سی بی کو یقینی طور پر سوچنا چاہیے، ایسے کھلاڑیوں کے نام ڈرافٹنگ میں رکھنا چاہیے تھے جو شروع سے یقین دہانی کراتے کہ وہ پاکستان جاکر کھیلیں گے۔

سابق کپتان نے شکوہ کیا کہ کیون پیٹرسن اور مورگن سمیت کئی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہ جاکر لیگ کو خراب کر رہے ہیں، آئندہ ایسے لوگوں کو پاکستان سپرلیگ کےلئے مدعو نہ کیا جائے۔یاد رہے کہ کیون پیٹرسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور گزشتہ ایڈیشن میں بھی انہوں نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
وقت اشاعت : 16/03/2018 - 12:30:08