امن کا پیغام لیے حاجی خان فروش سائیکل پر اسلام آباد سے رحیم یار خان پہنچ گیا

اتوار 18 مارچ 2018 16:30

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مارچ2018ء)امن کا پیغام لیے اسلام آباد سے چلنے والا سائیکلسٹ حاجی خان فروش رحیم یارخان پہنچ گیا۔ حاجی خان فروش 8دن کا سفر طے کر کے رحیم یارخان پہنچا۔پاکستانی عوام کو پیار، محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دینے والے 54 سالہ سائیکلسٹ حاجی خان فروش نے 10 مارچ سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ نگر نگر گھومنے کے بعد 8 دن بعد رحیم یار خان پہنچا تو اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

حاجی خان فروش کو رحیم یارخان کے باسیوں نے پیغام دیا کہ محبت اور امن کے پیغام میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔حاجی خان فروش کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی اس لہر میں پاکستان میں امن کا پیغام لے کر وہ سائیکل پر قریہ قریہ، شہر شہر جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ حاجی خان فروش 23مارچ کو کوئٹہ پہنچیں گے اور بلوچستان کی عوام کو پیغام دیں گے کہ پورا پاکستان ان سے محبت کرتا ہے۔واضح رہے کہ حاجی خان فروش نے عبدالستار ایدھی اور شہدائے کارساز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے صوابی سے کراچی کا سفر کیا تھا جو 13 دن پر مشتمل تھا۔
وقت اشاعت : 18/03/2018 - 16:30:19