پاکستانی ریسلر پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا کا حصہ بن گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 11:55

پاکستانی ریسلر پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای ریسل مینیا کا حصہ بن گیا
نیو یارک (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23مارچ2018ء)ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں پہلی بار ایک پاکستانی ریسلر کو اس کمپنی کے سب سے بڑے سالانہ ایونٹ ریسل مینیا کے ایک میچ میں شرکت کا موقع مل رہا ہے ۔پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علیٰ نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے پروگرام 205 لائیو میں کروزر ویٹ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راﺅنڈ کے سیمی فائنل میں ڈریو گولک کو شکست دے کر ریسل مینیا 34 میں شیڈول فائنل میں جگہ بنالی، اس میچ کی ویڈیو آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

اس مقابلے میں مصطفی علی کا سامنا کیڈرک الیگزینڈرا سے ہوگا ۔

(جاری ہے)

مصطفی علی ایک دہائی سے زائد عرصے تک امریکا بھر میں مقابلوں میں شریک ہوتے رہے ہیں مگر ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کی آمد 2016 ءمیں کروزور ویٹ کلاسیک کے ذریعے ہوئی تھی، جس میں پہلے ہی مرحلے میں وہ باہر ہوگئے تھے تاہم ان کی کارکردگی سے متاثر ہوکر کمپنی نے انہیں اپنے نئے 205 لائیو میں موقع فراہم کیا۔چیمپئن شپ میچ میں شرکت کا موقع ملنے پر مصطفی علی نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کروزر ویٹ چیمپئن بننا ان کا خواب ہے مگر سب سے اہم بات یہ ہے کہ ریسل مینیا میں شرکت کا موقع مل رہا ہے جہاں انہیں لوگوں کے ذہنوں کو بدلنے کا موقع ملے گا۔
وقت اشاعت : 23/03/2018 - 11:55:14