پاکستان نے ونڈیز کیخلاف ایک اور ریکارڈ ساز فتح حاصل کرکے سیریز اپنے نام کر لی

muhammad ali محمد علی پیر 2 اپریل 2018 22:39

پاکستان نے ونڈیز کیخلاف ایک اور ریکارڈ ساز فتح حاصل کرکے سیریز اپنے نام کر لی
کراچی( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2اپریل 2018 ء) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 82رنز سے شکست دیکر تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 2-0سے جیت لی ہے ۔ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بابراعظم اور حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کی بدولت ٹی ٹونٹی میں اپنا سب سے بڑا سکور بنایا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز سکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے فلیچر اور چیڈوک والٹن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کی طرح محمد نواز نے ایک بار پھر ابتدائی اوورز میں وکٹ حاصل کرکے مخالف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا، فلیچر صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔پچھلے میچ میں جلدی پویلین لوٹ جانے والے والٹن نے اس میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے لیکن وہ 29 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

رامدین 21 رنز بنا کر حسین طلعت کا شکار بنے جبکہ جیسن محمد کو 15 کے انفرادی سکور پر عامر نے بولڈ کیا ، عامر نے اپنے اگلے اوور میں پاول کو 3اور پاﺅل کو17رنز پر پوویلین چلتا کیا جبکہ ایمرٹ ایک رن بنا کررن آﺅٹ ہوگئے ۔حسن علی نے کیرسک ولیمز کو ایک رن پر بولڈ کیا ۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 6 رنز بناکر ایمرٹ کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور صرف 11 رنز تھا۔بابر اعظم اور حسین طلعت نے دوسری وکٹ پر 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔یہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں حسین طلعت کی پہلی جبکہ بابر اعظم کی چوتھی نصف سنچری تھی۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 130 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب حسین طلعت 63 رنز بناکر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔آصف علی نے تیزی سے سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 14رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔بابر اعظم کو اپنی پہلی ٹی ٹونٹی سنچری بنانے کا سنہری موقع ملا تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور97رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔ شعیب ملک نے 17رنز بنائے اور پاکستان نے بیس اوورز میں 204رنز کا ٹوٹل کھڑا کردیا ۔پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کررکھی ہے۔
وقت اشاعت : 02/04/2018 - 22:39:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :