ٹی 20 رینکنگ : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف وائٹ واش سے ٹاپ پوزیشن مستحکم کرلی

بدھ 4 اپریل 2018 11:37

ٹی 20 رینکنگ : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف وائٹ واش سے ٹاپ پوزیشن مستحکم کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4اپریل 2018ء)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کرتے ہوئے عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن مستحکم کر لی۔گرین شرٹس نے نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں 8وکٹ سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر اپنی جگہ مزید پکی کرلی۔

سیریز سے قبل گرین شرٹس 126 پوائنٹس کےساتھ سرفہرست تھے، آسٹریلیا نے بھی گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر 126 پوائنٹس جوڑ لیے تھے تاہم اعشاریائی فرق سے پاکستان کو برتری حاصل تھی۔کیریبیئنز کیخلاف وائٹ واش سے گرین شرٹس کو 4 قیمتی پوائنٹس ملے جس کی بدولت اب اس کے 130پوائنٹس ہوگئے ہیں ،آسٹریلیا 126 پوائنٹس کے ساتھ بدستور دوسرے نمبر پر ہے، بھارت 124 تیسرے، نیوزی لینڈ 116 چوتھے جبکہ انگلینڈ 114 پوائنٹس پانچویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

تینوں میچز میں ناکامی کے بعد ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈین ٹیم کو 2 درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔سیریز سے قبل کیریبیئن ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود تھی تاہم اب 4 پوائنٹس کی کمی سے ساتویں پوزیشن پر آگئی، جنوبی افریقہ کے بھی 111پوائنٹس ہیں لیکن اعشاریائی فرق کی وجہ سے چھٹے نمبر پر ہے، سری لنکا 89 آٹھویں، افغانستان88 نویں اور بنگلہ دیش77 پوائنٹس لیکر دسویں پوزیشن پرموجود ہیں۔
وقت اشاعت : 04/04/2018 - 11:37:07