افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا، افغانستان کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل، راشد خان کی 4 وکٹیں

منگل 5 جون 2018 23:23

افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا دیا، افغانستان کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل، راشد خان کی 4 وکٹیں
ڈیرہ ڈون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 135 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، سمیع اللہ شنواری 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نبی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی، راشد خان نے 12 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

منگل کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، تمیم اقبال 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، ابوحیدر نے 21 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، لٹن داس 1، صابر رحمان 13، مشفق الرحیم 22، محموداللہ 14، کپتان شکیب الحسن اور سومیا سرکار 3، 3 اور مصدق حسین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، راشد خان نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد نبی نے 2، شاہ پور زدران اور کریم صادق نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں افغانستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، سمیع اللہ شنواری 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد شہزاد 24، عثمان غنی 21 اور کپتان اصغر ستانک زئی 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، محمد نبی نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، مصدق حسین نے 2 روبیل حسین اور ابوحیدر نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 05/06/2018 - 23:23:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :